آئی پی ایل 2026: افتتاحی میچ میں بنگلورو نے حیدر آباد کو 6 وکٹوں سے دی شکست، جیکب ڈفی بنے پلیئر آف دی میچ

حیدر آباد نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوورس میں 9 وکٹ کے نقصان پر 201 رن بنائے تھے۔ جواب میں بنگلورو کی ٹیم نے 26 گیندیں باقی رہتے محض 4 وکٹ کے نقصان پر ضروری رن بنا لیے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/IPL">@IPL</a></p></div>
i
user

تنویر

آج سے ’آئی پی ایل 2026‘ کا آغاز ہو گیا۔ پہلے میچ میں سبھی کو امید تھی کہ حیدر آباد کے بلے باز رنوں کا طوفان لائیں گے، لیکن بنگلورو کے تیز گیندباز اور آئی پی ایل میں پہلا میچ کھیل رہے جیکب ڈفی نے سبھی کو حیران کر دیا۔ انھوں نے کچھ ایسی گیندبازی کی کہ آرینج آرمی کے منصوبوں پر پانی پھر گیا۔ انھوں نے اپنے پہلے 3 اوورس میں ہی حیدر آباد کے ٹاپ آرڈر کو پویلین بھیج دیا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ ایشان کشن کی بہترین اننگ کے باوجود 20 اوورس میں حیدر آباد کی ٹیم 9 وکٹ کے نقصان پر 201 رن بنا پائی۔ جواب میں بنگلورو کی ٹیم نے 26 گیندیں باقی رہتے محض 4 وکٹ کے نقصان پر ضروری رن بنا لیے۔

آج ٹاس آر سی بی (رائل چیلنجرس بنگلورو) نے جیتا اور ایس آر ایچ (سنرائزرس حیدر آباد) کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔ حیدر آباد کی شروعات ٹھیک ٹھاک ہی رہی تھی، لیکن تیسرے اوور کی پہلی گیند پر ابھشیک شرما اور آخری گیند پر ٹریوس ہیڈ کا وکٹ گرنے سے اچانک ٹیم پر دباؤ بن گیا۔ یہ دونوں وکٹ جیکب ڈفی نے ہی لیے تھے۔ نتیش کمار ریڈی تیسرے وکٹ کی شکل میں پویلین لوٹے، جنھیں ڈفی نے ابھینندن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ حیدر آباد کا اسکور 29 رن پر ہی 3 وکٹ ہو گیا، لیکن کپتان اور سلامی بلے باز ایشان کشن ایک طرف سے رن بناتے رہے۔ ان کا ساتھ کچھ دیر تک ہنرک کلاسین (22 گیندوں پر 31 رن) نے دیا، اور پھر انھیں انیکیت ورما کا تعاون حاصل ہوا۔ ایشان نے آؤٹ ہونے سے پہلے 38 گیندوں پر 5 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے طوفانی انداز میں 80 رن بنائے۔ انیکیت نے بھی محض 18 گیندوں پر 43 رنوں کی شاندار اننگ کھیلی۔


ایشان، کلاسین اور انیکیت کے علاوہ حیدر آباد کا کوئی بلے باز نمایاں کھیل کا مظاہرہ نہیں کر سکا۔ اس کے باوجود ٹیم 201 رن بنانے میں کامیاب ہو گئی۔ بنگلورو کی طرف سے جیکب ڈفی نے 4 اوورس میں محض 22 رن دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس بہترین کارکردگی کے لیے انھیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ روماریو شیفرڈ کو بھی 3 وکٹ ملے، لیکن انھوں نے 4 اوورس میں 54 رن خرچ کر ڈالے۔ بھونیشور کمار، ابھینندن سنگھ اور سویش شرما کو 1-1 وکٹ ملے۔

202 رنوں کے ہدف کا پیچھا کرنے اتری بنگلورو کی شروعات بھی اچھی نہیں رہی۔ سلامی بلے باز فل سالٹ محض 8 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ لیکن اس کے بعد وراٹ کوہلی اور دیودَت پڈیکل نے ایسی شراکت داری کی، جس نے حیدر آباد کو میچ سے بہت دور کر دیا۔ ان دونوں کے درمیان 45 گیندوں پر 101 رنوں کی شراکت داری ہوئی۔ پڈیکل نے 26 گیندوں پر 61 رن اور کوہلی نے 38 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 69 رن بنائے۔ کپتان رجت پاٹیدار نے بھی طوفانی انداز میں بلے بازی کی۔ انھوں نے محض 12 گیندوں پر میں 31 رن بنا ڈالے۔ ٹم ڈیوڈ نے 10 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 16 رن کی اننگ کھیلی۔ بنگلورو نے 15.4 اوورس میں محض 4 وکٹ کے نقصان پر 203 رن بنا لیے۔ حیدر آباد کی جانب سے ڈیوڈ پین نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ جئے دیو انادکٹ اور ہرش دوبے نے 1-1 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔