آئی پی ایل 2023: چنئی پر 32 رنوں سے جیت کے ساتھ راجستھان پوائنٹس ٹیبل میں پہلے پوزیشن پر قابض

راجستھان کی طرف سے سلامی بلے باز یشسوی جیسوال نے ایک بار پھر تیز شروعات دی اور 43 گیندوں پر 77 رن بنا کر ٹیم کے لیے سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی ثابت ہوئے۔

<div class="paragraphs"><p>یشسوی جیسوال، تصویر @IPL</p></div>

یشسوی جیسوال، تصویر @IPL

user

تنویر

جئے پور کے سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم میں آج آئی پی ایل 2023 کا 37واں مقابلہ چنئی سپر کنگز اور راجستھان رائلز کے درمیان کھیلا گیا۔ راجستھان کے کپتان سنجو سیمسن نے آج ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوور میں 5 وکٹ کے نقصان پر 202 رنوں کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ جواب میں دھونی کی کپتانی والی چنئی نے 20 اوور میں 6 وکٹ کے نقصان پر 170 رن ہی بنا سکی اور 32 رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

راجستھان کی طرف سے سلامی بلے باز یشسوی جیسوال نے ایک بار پھر تیز شروعات دی اور 43 گیندوں پر 77 رن بنا کر ٹیم کے لیے سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی ثابت ہوئے۔ پانچویں نمبر پر بلے بازی کرنے اترے دھرو جوریل نے بھی طوفانی انداز اختیار کیا اور محض 15 گیندوں پر 34 رن بنا ڈالے۔ دیگر قابل ذکر بلے بازوں میں جوس بٹلر (21 گیندوں پر 27 رن)، سنجو سیمسن (17 گیندوں پر 17 رن) اور دیودَت پڈیکل (13 گیندوں پر 27 رن) کے نام شامل ہیں۔


چنئی کی طرف سے سب سے کامیاب گیندباز تشار دیشپانڈے رہے جنھوں نے 2 وکٹ لیے۔ حالانکہ انھوں نے 4 اوور میں 42 رن خرچ کر دیے۔ آکاش سنگھ (2 اوور میں 32 رن)، متھیشا پتھیرانا (4 اوور میں 48 رن) اور معین علی (2 اوور میں 17 رن) بھی مہنگے ثابت ہوئے جنھیں کوئی وکٹ ہاتھ نہیں لگا۔ کفایتی گیندبازی مہیش تیکشنا اور رویندر جڈیجہ نے کی جنھوں نے بالترتیب 4 اوور میں 24 رن دے کر 1 وکٹ اور 4 اوور میں 32 رن دے کر 1 وکٹ لیے۔

چنئی کی جب بلے بازی شروع ہوئی تو سلامی بلے باز ریتوراج گائیکواڈ نے کچھ اچھے شاٹ لگائے، لیکن رنوں کی رفتار زیادہ تیز نہیں کر پائے۔ پہلے تو ڈیوون کانوے 16 گیندوں میں محض 8 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے، اور پھر ریتوراج بھی 29 گیندوں پر 47 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اجنکیا رہانے بھی آج کچھ خاص نہیں کر سکے اور 13 گیند پر 15 رن بنا کر روی چندرن اشون کا شکار بن گئے۔ شیوم دوبے کی تعریف کرنی ہوگی جنھوں نے آخر میں تیزی کے ساتھ بلے بازی کی، لیکن انھیں کسی دیگر بلے باز کا تعاون نہیں مل سکا۔ شیوم دوبے آخری گیند پر آؤٹ ہوئے اور تب تک وہ 33 گیندوں پر 52 رن بنا چکے تھے۔ انھوں نے 4 چھکے اور 2 چوکے لگائے۔ امباتی رائیڈو تو بغیر کوئی رن بنائے ہی پویلین لوٹ گئے تھے، لیکن کچھ حد تک معین علی (12 گیندوں پر 23 رن) اور رویندر جڈیجہ (15 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 23 رن) نے ٹیم کو جیت دلانے کی کوشش کی، لیکن جیت کے لیے 203 رنوں کا ہدف بہت بڑا تھا۔


ایڈم زیمپا نے آج اپنی گیندبازی سے بہت متاثر کیا جنھوں نے 3 اوور میں 33 رن دے کر 3 اہم وکٹ (ڈیوون کانوے، ریتوراج گائیکواڈ، معین علی) لیے۔ 2 وکٹ روی چندرن اشون نے بھی لیے جنھوں نے 4 اوور میں 35 رن دیے۔ 1 وکٹ کلدیپ یادو کو ملا جنھوں نے 3 اوور میں محض 18 رن دیے۔ کفایتی گیندبازی سندیپ شرما نے بھی کی جنھوں نے 4 اوور میں محض 24 رن دیے، لیکن انھیں کوئی وکٹ نہیں ملا۔ جیسن ہولڈر ضرور مہنگے ثابت ہوئے جنھوں نے 4 اوور میں 49 رن خرچ کر دیے۔ یجویندر چہل بھی آج کچھ کمال نہیں کر سکے اور 2 اوور میں 21 رن دے ڈالے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */