آئی پی ایل 2020 : ممبئی انڈینز پانچویں مرتبہ چیمپئن، دہلی کیپٹلز کا خواب چکناچور

ممبئی نے تیز گیندباز ٹرینٹ بولٹ کے 30 رن پر تین وکٹوں کی بہترین گیندبازی اور کپتان روہت شرما کی 68 رن کی زبردست اننگز سے دہلی کیپٹلز کو شکست دے کر آئی پی ایل کی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا

تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @IPL
تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @IPL
user

قومی آوازبیورو

دبئی: ممبئی انڈینز نے اپنی بادشاہت برقرار رکھتے ہوئے تیز گیندباز ٹرینٹ بولٹ کے 30 رن پر تین وکٹوں کی بہترین گیندبازی اور کپتان روہت شرما کی 68 رن کی زبردست اننگز سے دہلی کیپٹلز کو منگل کے روز یکطرفہ انداز میں پانچ وکٹ سے شکست دے کر پانچویں مرتبہ آئی پی ایل کی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

دہلی نے کپتان شرئیس ایئر (ناٹ آوٹ 65) اور وکٹ کیپر رشبھ پنت (56) کی شاندار نصف سنچریوں سے آئی پی ایل ۔13 کے خطابی مقابلے میں 20 اوور میں سات وکٹ پر 156 رن کا قابل دفاع اسکور بنایا لیکن یہ اسکور ایسا نہیں تھا جو ممبئی کے لئے چیلنجنگ ثابت ہوتا۔ ممبئی نے 18.4 اوور میں پانچ وکٹ پر 157 رن بناکر خطاب اپنے نام کرلیا۔ پہلی مرتبہ فائنل کھیل رہی دہلی کا نیا آئی پی ایل چیمپئن بننے کا خواب ٹوٹ گیا۔


ممبئی نے آئی پی ایل کے 13 ایڈیشن میں پانچویں مرتبہ یہ اعزاز حاصل کیا ہے اور یہ ثابت کردیا ہے کہ آئی پی ایل میں اس کے مقابلہ کی کوئی اور ٹیم نہیں ہے۔ ممبئی کا یہ چھٹا فائنل تھا جس میں اس نے پانچ بار خطاب جیتا ہے۔ ممبئی نے 2020 سے پہلے 2013 ، 2015 ، 2017 اور 2019 میں خطاب اپنے نام کیا تھا۔ ممبئی نے پہلے کوالیفائر میں دہلی کو باآسانی شکست دی تھی اور فائنل میں بھی دہلی کو اسی انداز میں شکست دی۔

ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے روہت اور کوئنٹن ڈی کاک نے ممبئی کو 45 رن کی مضبوط شروعات دی۔ مارکس اسٹونس نے پانچویں اوور میں اپنی پہلی ہی گیند پر ڈی کاک کو وکٹ کیپر رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔ ڈی کاک نے 12 گیندوں پر 20 رن میں تین چوکے اور ایک چھکا لگایا۔

تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @IPL
تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @IPL

روہت نے بھی سوریا کمار یادو کے ساتھ بھی دوسرے وکٹ کے لئے 45 رن جوڑے ۔ سوریا 20 گیندوں میں ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 19 رن بنا کر رن آؤٹ ہوئے لیکن اس کے بعد روہت نے نوجوان ایشان کشن کے ساتھ ٹیم کو جیت کی منزل تک لے جانے کا کام شروع کیا۔ ٹھوس بنیاد نے ممبئی کا کام پہلے ہی آسان بنادیا تھا ۔ دہلی کا اسکور بھی ایسا نہیں تھا کہ اس کے گیندباز ممبئی کے بلے بازوں پر دباؤ بنا پاتے۔

ممبئی کے کپتان روہت ایک بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں متبادل کھلاڑی للت یادو کے ہاتھوں آوٹ ہوگئے۔ اینرچ نورتزے نے روہت کا وکٹ لے کر یکطرفہ ہوتے جارہے اس میچ میں جان ڈال دی۔ للت نے اپنے آگے کی طرف ڈائیو لگاتے ہوئے شاندار انداز میں کیچ آوٹ کیا۔روہت نے 51 گیندوں پر میچ فاتح 68 رن میں پانچ چوکے اور چار چھکے لگائے۔ جارح بلے باز کیرون پولارڈ نے آتے ہی نورتزے کی گیندوں پر مسلسل دو چوکے لگائے لیکن کیگیسو ربادا نے 18 ویں اوور کی پہلی گیند پر پولارڈ کو بولڈ کردیا۔ پولارڈ نے نو رن بنائے۔ دوسرے اینڈ پر جمے کشن نے ربادا کی تیسری گیند پر چوکا لگاکر ممبئی کو جیت کے قریب پہنچادیا۔ حالانکہ ہاردک پانڈیا 19 ویں اوور میں آوٹ ہوگئے جب جیت کے لئے ایک رن کی ضرورت تھی۔ ہاردک نے تین رن بنائے۔ کنال پانڈیا نے میچ فاتح سنگل لیا۔ کشن نے 19 گیندوں پر ناٹ آوٹ 33 رن میں تین چوکے اور ایک چھکا لگایا۔


ممبئی اس طرح چنئی کے بعد خطاب کا کامیابی سے دفاع کرنے والی دوسری ٹیم بن گئی ہے۔ دہلی کی طرف سے نورتزے نے 25 رن پر دو وکٹ لئے جبکہ ربادا اور اسٹونس نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ اس سے قبل ایر نے 50 گیندوں پر ناٹ آوٹ 65 رنز میں چھ چوکے اور دو چھکے لگائے جبکہ پنت نے 38 گیندوں پر 56 رنز میں چار چوکے اور دو چھکے لگائے۔دونوں نے چوتھے وکٹ کے لئے 96 رنز کی اہم شراکت قائم کرتے ہوئے دہلی کو تین وکٹ پر 22 رنز کی نازک حالت سے باہر نکال کر قابل دفاع اسکور تک پہنچایا لیکن یہ اسکور ممبئی کو نہیں روک سکا۔

ممبئی کی طرف سے بولٹ نے 30 رن پر تین وکٹ ، کالٹر نائل نے 29 رن پر دو وکٹ اور جینت نے 25 رن پر ایک وکٹ حاصل کیا۔ بمراہ کو چار اوور میں 28 رن پر کوئی وکٹ نہیں ملا اور وہ پرپل کیپ کی دوڑ میں پیچھے رہ گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


    Published: 10 Nov 2020, 11:24 PM