آئی پی ایل 2020: دہلی کیپٹلز کو بڑا جھٹکا! اسٹار کھلاڑی باہر

آئی پی ایل 2020: آئی پی ایل 13 میں فتح کے ساتھ اپنا سفر شروع کرنے والی دہلی کیپٹلز کے لئے اس کے انتہائی اہم کھلاڑی کا باہر ہونا کسی صدمے سے کم نہیں ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ابو ظہبی: انڈین پریمیر لیگ کے 13 ویں سیزن میں جیت کے ساتھ اپنا سفر شروع کرنے والے دہلی کیپٹلز کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ پہلے میچ میں نہیں کھیلنے والے ٹیم کے سب سے تجربہ کار بولر ایشانت شرما ابھی تک اپنی انجری سے ابر نہیں پائے ہیں۔ ذرائع سے موصول ہونے والی خبروں کے مطابق ایشانت شرما اگلے دو میچوں کے لئے ٹیم سے باہر رہ سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ 25 ستمبر کو دہلی کیپٹلز کا مقابلہ چنئی سپر کنگز سے ہونے جا رہا ہے۔

دہلی کیپٹلز کے ایک ممبر نے ایشانت شرما کے اگلے میچ میں نہیں کھیل پانے کی اطلاع دی ہے۔ انہوں نے کہا، "ایشانت شرما کی فٹنس کے حوالہ سے کوئی خطرہ مول نہیں لیا جائے گا اور انہیں فٹ ہونے کا پورا موقع دیا جا رہا ہے۔ ایشانت کا اگلے ایک یا دو میچ میں نہیں کھیلنا پوری طرح سے طے ہے۔‘‘


تاہم، دہلی کیپٹلز کا کہنا ہے کہ ایشانت شرما کی چوٹ زیادہ سنگین نہیں ہے۔ ٹیم کی طرف سے بتایا گیا کہ فزیو ایشانت شرما کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور ان کے بارے میں جلد ہی مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔

جمعہ کو دہلی کیپٹلز کا مقابلہ گزشتہ سال دوسرے مقام پر آنے والی چنئی سپر کنگز کے خلاف دبئی میں ہونے جا رہا ہے جبکہ 29 ستمبر کو یہ ٹورنامنٹ میں اپنا تیسرا میچ سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف کھیلے گی۔ ان دونوں میچوں سے ایشانت شرما کا باہر ہونا تقریباً طے ہے۔


دہلی کیپٹلز کو اپنے پہلے میچ میں ایشانت شرما کی کمی زیادہ محسوس نہیں ہوئی اور اس نے ربادا کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت کنگز الیون پنجاب کو سپر اوور میں شکست دے دی۔ لیکن دہلی کیپٹلز اور کنگز الیون پنجاب کے مابین کھیلا گیا یہ میچ خراب امپائرنگ کو لے کر زیر بحث ہے۔ امپائر نے 19 ویں اوور میں شارٹ رن کے نام پر کنگز الیون کا ایک رن کم کر دیا تھا لیکن ری پلے سے معلوم ہوا کہ وہ رن شارٹ نہیں تھا۔ پنجاب کی ٹیم نے میچ کے بعد امپائر پر سوالات اٹھائے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */