دھونی نے دلچسپ مقابلہ میں آخری گیند پر جیت دلائی

ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے میچ اس وقت بہت دلچسپ ہو گیا جب آخری اوور میں چنئی کو جیت کے لیے 17 رن درکار تھے جو دھونی نے حاصل کر لئے۔

تصویرآئی اے این ایس
تصویرآئی اے این ایس
user

یو این آئی

سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی نے اپنی پرانی فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناٹ آؤٹ 28 رن کی مدد سے چنئی سپر کنگز کو آئی پی ایل کے ایک میچ میں ممبئی انڈینس کو تین وکٹ سے شکست دی جبکہ ممبئی کو لگاتار ساتویں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

جارحانہ آغاز کے باوجود ممبئی نے تلک ورما کی ناٹ آؤٹ 51 رن کی شاندار نصف سنچری کی بدولت 20 اووروں میں سات وکٹ پر 155 رن کا چیلنجنگ اسکور بنایا، لیکن چنئی نے 20 اووروں میں سات وکٹ پر 156 رن بنا کر میچ جیت لیا۔ دھونی نے جے دیو انادکٹ کی اننگز کی آخری گیند پر فتح کی باؤنڈری لگائی۔ دھونی نے 13 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 28 رن میں تین چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ یہ چنئی کی ٹورنامنٹ میں دوسری جیت رہی۔


ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے میچ اس وقت بہت دلچسپ ہو گیا جب آخری اوور میں چنئی کو جیت کے لیے 17 رن درکار تھے۔ آخری اوور میں گیند جے دیو انادکٹ کے ہاتھ میں تھی اور سامنے ڈوین پریٹوریئس تھے۔ پریٹوریئس پہلی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ دوسری گیند پر ڈوین براوو نے ایک رن لیا۔ دھونی نے تیسری گیند پر سیدھا چھکا لگایا۔ اب تین گیندوں میں 10 رن باقی رہ گئے تھے۔ دھونی نے چوتھی گیند پر چوکا لگایا۔ دھونی نے پانچویں گیند پر دو رن لیے۔ دھونی نے آخری گیند پر وننگ باؤنڈری لگا کر میچ کا اختتام کیا۔ پریٹوریئس نے 14 گیندوں پر 22 رن دو چوکے اور ایک چھکا لگایا۔

اتھپا نے 30 اور امباتی رائیڈو نے 35 گیندوں میں دو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 40 رن بنائے۔ شیوم دوبے نے 13 اور مشیل سینٹنر نے 11 رن بنائے۔ چنئی کے سات میچوں میں دوسری جیت کے بعد چار پوائنٹس ہیں لیکن وہ اب بھی نویں نمبر پر ہے۔


اس سے قبل تلک نے اپنی 43 گیندوں کی اننگز میں تین چوکے اور دو چھکے لگائے۔ سوریہ کمار یادو نے 21 گیندوں پر 32 رن،رتک شوقین نے 25 گیندوں پر 25 اور کیرون پولارڈ نے 9 گیندوں پر 14 رن بنائے۔

اس سے پہلے چنئی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پہلے ہی اوور میں مکیش چودھری نے ممبئی کے کپتان روہت شرما اور ایشان کشن کو صفر پر چلتا کیا۔ ڈیوالڈ بریوس چار رن بنا کر تیسرے اوور کی آخری گیند پر چودھری کا تیسرا شکار بنے۔ لیکن اس کے بعد تلک ورما نے ناٹ آؤٹ نصف سنچری بنا کر ممبئی کو سنبھالا دیا۔چنئی کے فیلڈروں نے کل چار کیچ گرائے جس سے ممبئی چیلنجنگ اسکور تک پہنچ سکی۔ چنئی کی طرف سے مکیش چودھری نے تین اوور میں 19 رن دیکر تین وکٹ لئے۔ ڈوین براوو کو 36 رن پر دو وکٹ ملے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */