دہلی کی امیدیں برقرار ، گجرات ٹائٹنز کو پانچ رن سے ہرایا
دہلی کیپٹلز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا لیکن شامی نے کچھ ہی دیر میں ان کے اس فیصلے کو غلط ثابت کر دیا۔

کپتان ہاردک پانڈیا کے ناٹ آؤٹ 59اور راہل تیوتیا کےسات گیندوں پر20 رنزکی عمدہ اننگز کے باوجود گجرات ٹائٹنز کو دہلی کیپٹلز کے ہاتھوں پانچ رن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
19ویں اوور میں تیوتیا نے لگاتار تین چھکے لگا کر میچ کا رخ گجرات کے حق میں کر دیا تھا لیکن آخری اوور ایشانت شرما کو ملا، جنہوں نے اپنے تجربے کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے تیوتیا کو 20ویں اوور کی چوتھی گیند پر کیچ آؤٹ کرواتے ہوئے گجرات کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ ایشانت اور خلیل احمد نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل گجرات ٹائٹنز نے تیز گیند باز محمد شامی (11/4) کی عمدہ گیندبازی کی مدد سے دہلی کیپٹلز کو 130 رنز پر روک دیا۔ شامی نے اپنے آئی پی ایل کیرئیر کی بہترین گیند بازی کرتے ہوئے چار اوورز میں 11 رن دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ کیپٹلز کی جانب سے امن حاکم خان نے 44 گیندوں پر تین چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 51 رنز بنائے، جبکہ ریپل پٹیل نے 13 گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے 23 رنوں کی اننگ کھیلی۔ اکشر پٹیل نے بھی 30 گیندوں پر 27 رنوں کا تعاون دیا۔
کیپٹلز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا لیکن شامی نے کچھ ہی دیر میں ان کے اس فیصلے کو غلط ثابت کر دیا۔ شامی نے اننگ کی پہلی گیند پر فل سالٹ کو ڈیوڈ ملر کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ کیپٹلز کی مشکلات یہیں ختم نہیں ہوئیں اور اس کے لئے سب سے زیادہ رن بنانے والے وارنراگلے اوور میں رن آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد شامی نے کیپٹلز کو سونگ گیندبازی کا سبق پڑھاتے ہوئے پریم گرگ (10)، ریلی روسو (08) اور منیش پانڈے (01) کو وکٹ کیپر ریدھیمان ساہا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ کیپٹلز کے پانچ وکٹ صرف 23 رنوں پر گرنے کے بعد اکشر پٹیل اور امن حاکم خان نے اننگ کو سنبھالا۔ دونوں کے درمیان چھٹے وکٹ کے لیے 50 رنز کی شراکت ہوئی، حالانکہ اس کے لیے انہوں نے 48 گیندیں کھیلی۔ اکشر نے 30 گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے 27 رنز بنائے۔ اس سے پہلے کہ وہ اننگ کی رفتار بڑھا پاتے، موہت شرما نے انہیں پویلین بھیج دیا۔
کیپٹلز کو 15 اوورز میں صرف 78 رنز بننے کے بعد ڈیتھ اوورز میں اچھی بیٹنگ کی ضرورت تھی۔ امن حاکم خان اور ریپل پٹیل نے 51 رنز کی تیز شراکت داری کرکے اپنی ٹیم کو باعزت اسکور تک پہنچایا۔ ابتدائی 32 گیندوں پر محض 24 رنز بنانے والے امن نے آخری اووروں میں رفتار حاصل کرتے ہوئے 41 گیندوں میں اپنی ففٹی مکمل کی۔ کھیل کے کسی بھی فارمیٹ میں یہ امن کی پہلی نصف سنچری ہے۔
رپل نے امن کا ساتھ دیتے ہوئے 13 گیندوں پر 23 رنز کی اننگ کھیلی۔ تاہم راشد خان نے 19ویں اوور میں امن کا وکٹ لے کر کیپٹلز کی 150 رنز تک پہنچنے کی امیدیں ختم کر دیں۔ موہت نے آخری اوور میں رپل کو آؤٹ کرتے ہوئے صرف تین رن دئے اور دہلی 20 اوور میں 130/8 بناسکی۔ آئی پی ایل میں 100 وکٹیں مکمل کرنے والے موہت نے چار اوور میں 33 رن دے کر دو وکٹ لئے۔ راشد نے چار اوورز میں 28 رنز دے کر ایک کامیابی حاصل کی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
