ممبئی نے چنئی کو آئی پی ایل سے کیا باہر

یہ کم اسکور والا میچ ضرور تھا، لیکن دلچسپ بڑے اسکوروالے میچ کی طرح تھا ۔ گیند بہت زیادہ سوئنگ کر رہی تھی جس کی وجہ سےمیچ میں دلچسپی رہی۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

پلے آف کی دوڑ سے باہر ہو چکے ممبئی انڈینس نے اپنے گیند بازوں کی بہترین کار کردگی سے چنئی سپر کنگز کو آئی پی ایل میچ میں پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ ممبئی نے چنئی کو 16 اوور میں صرف 97 رن پر آؤٹ کردیا اور پھر 14.5 اوور میں پانچ وکٹ پر 103 رن بنا کر جیت حاصل کر لی ۔

ممبئی کی طرف سے ڈینیئل سیمس نے 16 رن دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ ریلی میریڈیتھ اور کمار کارتیکیا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ جسپریت بمراہ اور رمندیپ سنگھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ڈینیئل سیمس پلیئر آف دی میچ رہے۔


چنئی کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے 33 گیندوں پر چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 36 رن بنائے۔ ڈیوین براوو نے 12 اور شیوم دوبے اور امباتی رائیڈو نے 10، 10 رن بنائے ۔ پہلے ہی اوور میں دو وکٹیں گرنے کے بعد چنئی کی ٹیم میچ میں واپس نہیں آ سکی۔ رابن اتھپا دوسرے اوور میں تیسرے بلے باز کے طور پر پویلین لوٹ گئے ۔ دھونی اور براوو نے ساتویں وکٹ کے لیے 39 رن کی شراکت داری کی ۔ دھونی 16ویں اوور کی آخری گیند پر رن کے لیے بھاگے جبکہ وکٹ کیپر ایشان کشن نے مکیش چودھری کو سیدھے تھرو سے آؤٹ کیا ۔

اگرچہ یہ کم اسکور والا میچ تھا، لیکن دلچسپ بڑے اسکوروالے میچ کی طرح تھا ۔ گیند بہت زیادہ سوئنگ کر رہی تھی۔ پہلی اننگز ختم ہونے کے بعد ایسا لگ رہا تھا کہ یہ میچ بھی جلد ختم ہوجائے گا لیکن ایسا نہیں ہوا اور چنئی کے تیز گیند بازوں نے شاندار گیند بازی کی ۔ بائیں ہاتھ کے تیز گیند بازمکیش چودھری نے 23 رن دیکر تین وکٹیں حاصل کیں ۔ سمرجیت سنگھ اورمعین علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔


ممبئی کے لیے تلک ورما نے چار چوکوں کی مدد سے 32 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 34 رن کی میچ جیتنے والی اننگز کھیلی ۔ ٹم ڈیوڈ نے سات گیندوں پر دو چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 16 رن بنائے ۔ کپتان روہت شرما اور ہریتھک شوکین نے 18-18 رن بنائے ۔ ڈیوڈ نے معین علی کی گیند پرچھکا لگایا ۔

چنئی کے کپتان دھونی نے جیت کا کریڈٹ ممبئی کی گیند بازی کو دیا ۔ دھونی نے میچ کے بعد کہا ’’مجھے لگا کہ 130 سے ​ کم کا کوئی بھی سکوراس پچ پر کم تھا ۔ میں نے اپنے گیند بازوں سے کہا کہ آپ میچ ہارنے یا جیتنے کے بارے میں نہ سوچیں اور اپنے طریقے سے گیند بازی کریں۔ ایسا نہیں ہے کہ ہمارے پاس بہترین تیز گیند بازوں کی بینچ اسٹرینتھ تھی۔ تاہم نوجوان گیند بازوں نے اچھی گیند بازی کی ‘‘۔


انہیں تجربے کے ساتھ بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے ۔ بقیہ میچوں میں اگر یہ دونوں گیند باز اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں تو یہ اس سیزن کے لیے ہمارے مثبت پہلوؤں میں سے ایک ہوگا ۔ ہم چاہتے ہیں ٹیم میں جہاں بھی کمی ہے ، اس کو پورا کیا جائے ۔ آج ممبئی کے گیند بازوں نے اچھی گیند بازی کی ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔