نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم کو اسلام قبول کرنے کی دعوت، جانیں کیا بولیں جیسنڈا آرڈرن؟

سوشل میڈیا پر جو ویڈیو وائرل ہو رہی ہے اس میں ایک مسلم نوجوان وزیر اعظم جیسینڈا کو اسلام قبول کرنے کی دعوت دے رہا ہے، اس کی بات غور سے سننے کے بعد جیسنڈا مسکراتے ہوئے جواب دیتی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کرائسٹ چرچ میں مساجد پر دہشت گرد حملہ کے بعد نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے جس طرح مسلمانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہونے کا عملی ثبوت دیا، اس کو تاریخ کے سنہرے الفاظ میں لکھا تو جائے گا۔ جیسنڈا آرڈرن کی آج ہر کوئی تعریف کرنے پر مجبور ہے۔

دریں اثنا نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن اور ایک مسلم نوجوان کی گفتگو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، ویڈیو میں ایک نوجوان انہیں اسلام قبول کرنے کی دعوت دیتا ہے اور اپنی خواہش کا اظہار کرتا ہے کہ وہ مسلمان ہوجائیں۔

ویڈیو میں نظر آ رہا ہے کہ ملاقات کے دوران نوجوان نیوزی لینڈ کی وزیراعظم سے مخاطب ہو کر کہتا ہے کہ ’’دعا ہے ایک دن آپ مسلمان ہو جائیں۔ میں 3 دن سے مسلسل رو رہا ہوں اور بس ایک ہی دعا کر رہا ہوں کہ ایک دن آپ بھی مسلمان ہو جائیں۔‘‘

نوجوان مزید کہتا ہے، ’’آپ ایک بے مثال شخصیت کی مالک خاتون ہیں۔ خواہش ہے کہ دنیا کے تمام لیڈر آپ جیسے ہو جائیں۔ نوجوان اس کے بعد جذباتی انداز میں کہتا ہے، ’’میری خواہش ہے کہ آپ جنت میں میرے ساتھ رہیں۔‘‘ نوجوان کی خواہش سن کر جیسنڈا آرڈرن مسکرا دیں اور نوجوان کو تھپکی بھی دی۔‘‘

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے اسلام قبول کرنے کی دعوت پر مسلم نوجوان سے کہا، ’’اسلام انسانیت کا درس دیتا ہے اور میرا خیال ہے کہ وہ میرے پاس ہے۔‘‘

خیال رہے کہ 15 مارچ کو نماز جمعہ کے موقع پر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں ایک سفید فام دہشت گرد نے اندھا دھند گولی باری کرتے ہوئے 50 سے زائد نمازیوں کو شہید کردیا تھا جن میں ہندوستانی، پاکستانی اور بنگلہ دیشی لوگ بھی شامل تھے۔

نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم کو اسلام قبول کرنے کی دعوت، جانیں کیا بولیں جیسنڈا آرڈرن؟

دو مساجد پر دہشت گرد حملہ کے بعد یوں تو نیوزی لینڈ کی تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے مسلم طبقہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا لیکن حملہ میں شہید ہونے والے نمازیوں کے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران پی ایم آرڈرن نے جس طرح تعزیت کا اظہار کیا وہ دنیا میں ایک مثال بن گئی۔ وزیر اعظم جیسنڈا نے سر پر دوپٹہ اوڑھ کر تعزیت کی، پارلیمنٹ میں ’اسلام علیکم ‘ کہا، قرآن مجید کی تلاوت کرائی اور اس کے بعد گزشتہ جمعہ کے روز مسجد کا دورہ بھی کیا اور نماز کے لئے ہونے والے اجتماع میں شرکت کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 26 Mar 2019, 7:10 PM