ایران۔ امریکہ جنگ کے سبب دنیا کا مصروف ترین ایئرپورٹ ’دبئی انٹرنیشنل‘ بند، ہندوستان پر بھی براہ راست اثر

ایران پر امریکی-اسرائیلی حملے کے بعد خلیجی خطے کی صورتحال کشیدہ ہو گئی ہے جس کے بعد دبئی کی پروازیں متاثرہوئی ہیں۔ یو اے ای کی فضائی حدود کی جزوی بندش کی وجہ سے کئی پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>ایمریٹس ایئر لائن</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ایران پرامریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ حملے کے بعد خلیجی خطے میں صورتحال دھماکہ خیز ہوگئی ہے جس کا براہ راست اثرعام لوگوں پڑا ہے۔ زمین سے لے کر آسمان تک افراتفری اورغیریقینی صورتحال کے دوران ہفتہ کو دبئی آنے جانے والی پروازوں پر بڑا اثر پڑا۔ مشرق وسطی میں کشیدگی کے دوران متعدد کنیکٹنگ پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔ علاقائی فضائی حدود کی جزوی بندش سے خلیج کے پورے خطے میں کئی پروازیں منسوخ یا معطل کردی گئی ہیں۔

دبئی ایئرپورٹس کے ایک بیان کے مطابق متحدہ عرب امارات کے فضائی حدود کے جزوی طورپربند ہونے کی وجہ سے @DXB اور دبئی ورلڈ سینٹرل المخدوم انٹرنیشنل (ڈی ڈبلیو سی) پر کچھ پروازیں منسوخ یا تاخیر سے چل رہی ہیں۔ ایئرپورٹ نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی ایئرلائن سے رابطہ کریں اور فی الحال ڈی ایکس بی یا ڈی ڈبلیو سی آنے سے گریز کریں۔


دبئی ایئرپورٹس دبئی کے دو ہوائی اڈوں دبئی انٹرنیشنل (ڈی ایکس بی) اور دبئی ورلڈ سینٹرل (ڈی ڈبلیو سی) کے آپریشنز اور ڈیولمنٹ کی ذمہ داری سنبھالتا ہے۔ دبئی سے دنیا کے تقریباً تمام بر اعظموں کے ممالک کے لیے 100 سے زائد ایئر لائنز پروازیں چلاتی ہیں۔

علاقائی فضائی حدود کی پابندیوں نے متعدد پروازوں کو متاثر کیا ہے جن میں ایمریٹس اور ایئر انڈیا کی پروازیں بھی شامل ہیں۔ ایک بیان میں ایمریٹس نے مسافروں کو مشورہ دیا کہ وہ تازہ ترین اپ ڈیٹس کے لیے emirat.es/travelupdates اور emirat.es/flightstatus  چیک کریں۔ ایئر لائن نے کہا کہ وہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے، متعلقہ حکام سے رابطے میں ہے اور اس کے مطابق اپنے آپریشنز کو ایڈجسٹ کر رہی ہے۔ ایمریٹس نے مزید کہا کہ وہ تمام ریگولیٹری ضوابط کی تعمیل کرتی ہے اور ہوا بازی کے حکام کی ہدایات پر عمل کر رہی ہے۔


دوسری طرف ایئر انڈیا نے خلیجی خطے کے لیے اپنی تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ ایئر لائن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘  پر ایک بیان جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ ابوظہبی (اے یوایچ) ، دمام (ڈی ایم ایم) ، دوحہ (ڈی اوایچ)، دبئی (ڈی ایکس بی) ، جدہ (جے ای ڈی) ، مسقط (ایم سی ٹی)، ریاض (آریوایچ) اور تل ابیب (ٹی ایل وی) کے لیے آنے جانے والی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ امریکہ اور اسرائیل نے ہفتے کی صبح ایران پر مشترکہ حملہ کیا تھا۔ جس کے بعد ایران نے جوابی کارروائی کے تحت تل ابیب سمیت نصف درج سے زائد ممالک میں موجود امریکی ٹھکانوں کو نشانہ بناکر حملہ کردیا تھا۔ یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ گزشتہ چند دنوں سے تہران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے نئے معاہدے کے لیے دباؤ بڑھا رہے ہیں۔