امریکی شہریت و امیگریشن سروس: 2027 کے لیے ایچ-ون بی ویزا کی حد مکمل، اگلا مرحلہ شروع

امریکی امیگریشن ادارے نے 2027 کے ایچ-ون بی ویزا کی حد پوری ہونے کا اعلان کیا۔ منتخب امیدوار اب درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں، جبکہ نئی شرائط اور اضافی فیس بھی نافذ کر دی گئی ہیں

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

واشنگٹن: امریکی شہریت و امیگریشن سروس نے مالی سال 2027 کے لیے ایچ-ون بی ویزا کی مقررہ حد مکمل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مطلوبہ تعداد میں الیکٹرانک رجسٹریشن موصول ہو چکی ہیں۔ اس پیش رفت کے ساتھ ہی یکم اپریل 2026 سے درخواستوں کے اگلے مرحلے کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔

ادارے کے مطابق مناسب طور پر جمع کرائے گئے رجسٹریشن میں سے اتنے درخواست دہندگان کا انتخاب کر لیا گیا ہے جو مقررہ حد کو پورا کرنے کے لیے کافی ہیں۔ جن امیدواروں کا انتخاب ہوا ہے، انہیں مطلع بھی کر دیا گیا ہے اور اب صرف یہی افراد مالی سال 2027 کے لیے ایچ-ون بی کیپ کے تحت درخواستیں داخل کرنے کے اہل ہوں گے۔

امریکی امیگریشن سروس نے واضح کیا کہ درخواست دہندگان اپنے آن لائن کھاتوں کے ذریعے اپنی حیثیت کی جانچ کر سکتے ہیں۔ منتخب امیدوار یکم اپریل سے اپنی درخواستیں داخل کر سکتے ہیں اور اس کے لیے کم از کم 90 دن کی مہلت فراہم کی گئی ہے۔ ہر درخواست کے ساتھ انتخابی اطلاع کی نقل شامل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ درخواستیں مقررہ مراکز یا آن لائن نظام کے ذریعے ہی جمع کرائی جائیں گی۔


ادارے نے اس بار دستاویزات کے حوالے سے سخت شرائط بھی نافذ کی ہیں۔ ہر درخواست میں وہی معلومات شامل ہونی چاہئیں جو رجسٹریشن کے وقت فراہم کی گئی تھیں، جن میں شناخت اور ملازمت کی تفصیلات شامل ہیں۔ درخواست گزاروں کو مستفید ہونے والے فرد کے درست پاسپورٹ یا سفری دستاویزات کا ثبوت بھی دینا ہوگا، ساتھ ہی اعلان کردہ تنخواہ کے مطابق ثبوت فراہم کرنا ضروری ہوگا۔

مزید برآں، یکم اپریل سے صرف فارم آئی-129 کا نیا ورژن ہی قبول کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ایک نئی مالی شرط بھی متعارف کرائی گئی ہے جس کے تحت اکیس ستمبر 2025 یا اس کے بعد داخل کی جانے والی بعض درخواستوں کے ساتھ ایک لاکھ ڈالر کی اضافی ادائیگی لازمی ہوگی، بشرطیکہ وہ مخصوص معیار پر پورا اترتی ہوں۔

امریکی امیگریشن سروس نے یہ بھی واضح کیا کہ انتخاب کا مطلب درخواست کی منظوری نہیں ہے۔ درخواست گزاروں کو تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے اپنی اہلیت ثابت کرنا ہوگی اور مطلوبہ دستاویزات جمع کرانے ہوں گے۔

اس سال ایک نئی وزنی انتخابی نظام بھی نافذ کیا گیا ہے جس کے تحت زیادہ مہارت اور زیادہ تنخواہ والے امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی۔ یہ نظام پیشہ ورانہ روزگار اور اجرت کے اعداد و شمار کی بنیاد پر ترتیب دیا گیا ہے تاکہ اعلیٰ صلاحیت کے حامل افراد کو ترجیحی بنیادوں پر موقع دیا جاسکے۔


واضح رہے کہ کانگریس کی جانب سے سالانہ ایچ-ون بی ویزا کی حد 65 ہزار مقرر ہے، جس میں سے 6800 ویزے مخصوص معاہدوں کے تحت مختص ہوتے ہیں، جبکہ 20 ہزار ویزے امریکی اداروں سے اعلیٰ ڈگری رکھنے والوں کے لیے مخصوص ہیں۔ بعض زمرے اس حد سے مستثنیٰ بھی ہیں، جن میں تعلیمی اداروں اور مخصوص علاقوں میں کام کرنے والے افراد شامل ہیں۔

ایچ-ون بی ویزا پروگرام امریکی کمپنیوں کو غیر ملکی ہنر مند افراد کی خدمات حاصل کرنے کی اجازت دیتا ہے، اور ہر سال اس پروگرام میں ہندوستانی شہریوں کی نمایاں تعداد شامل ہوتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 01 Apr 2026, 11:11 AM