امریکہ کا آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کا اعلان، ٹرمپ نے جہازوں کی آمد و رفت روکنے کا دیا حکم

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز میں جہازوں کی ناکہ بندی کا اعلان کر دیا، ایران پر الزامات عائد کرتے ہوئے سخت فوجی کارروائی کی وارننگ بھی دی

<div class="paragraphs"><p>امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ / Getty Images</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

واشنگٹن: امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بیچ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک بڑا اور غیر معمولی اعلان کرتے ہوئے آبنائے ہرمز میں جہازوں کی مکمل ناکہ بندی کا عندیہ دیا ہے، جس سے خطے میں صورتحال مزید سنگین ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

’آج تک‘ کی رپورٹ کے مطابق، امریکی صدر نے کہا کہ امریکی بحریہ کو فوری طور پر ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ آبنائے ہرمز میں داخل ہونے یا وہاں سے نکلنے والے تمام بحری جہازوں کی نگرانی کرے اور ضرورت پڑنے پر انہیں روکا جائے۔ ان کے مطابق یہ اقدام خطے میں بڑھتے ہوئے خطرات اور ایران کی جانب سے بین الاقوامی ذمہ داریوں کی مبینہ خلاف ورزی کے پیش نظر کیا جا رہا ہے۔

ڈونالڈ ٹرمپ نے ایران پر الزام عائد کیا کہ وہ اس اہم عالمی بحری راستے کو محفوظ رکھنے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمندر میں بارودی سرنگوں کی موجودگی کے خدشات پہلے ہی جہاز رانی کو متاثر کر رہے ہیں اور اگر یہ خطرہ برقرار رہا تو بین الاقوامی تجارت شدید متاثر ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی جہاز مالک ایسی صورتحال میں خطرہ مول لینے کو تیار نہیں ہوگا جہاں ہر لمحہ تباہی کا اندیشہ ہو۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اسلام آباد میں ایران کے ساتھ تقریباً بیس گھنٹے طویل مذاکرات ہوئے، جن میں کئی امور پر پیش رفت ہوئی، لیکن ایران کے جوہری پروگرام کے معاملے پر کوئی اتفاق رائے نہیں ہو سکا۔ ٹرمپ نے واضح کیا کہ امریکہ ایران کو کسی بھی صورت میں جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا اور جب تک ایران اپنے پروگرام کو محدود نہیں کرتا، مذاکرات کا عمل آگے نہیں بڑھ سکتا۔


امریکی صدر نے سخت لہجے میں خبردار کیا کہ اگر کسی بھی ایرانی عنصر نے امریکی بحری جہازوں یا کارروائیوں میں مداخلت کی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ آبنائے ہرمز میں موجود بارودی سرنگوں کو صاف کرنے کے لیے اپنی کارروائیاں تیز کرے گا اور اس سلسلے میں کسی بھی حملے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ٹرمپ نے ایران کی جانب سے جہازوں سے ٹول وصول کرنے کے اقدام کو ’جبراً وصولی‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی پانیوں میں اس طرح کی کارروائیاں ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ اس ممکنہ ناکہ بندی میں دیگر ممالک بھی امریکہ کا ساتھ دے سکتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔