یو اے ای: شہریت قانون کے خلاف لوگوں نے ہندوستانی سفارتخانہ میں میمورینڈم پیش کیا

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں بسے ہندوستانی باشندوں نے متنازعہ شہریت ترمیمی قانون پر فکرمندی ظاہر کرتے ہوئے ہندوستانی سفارت خانہ کو ایک میمورینڈم سونپا ہے جس میں اس قانون کی مخالفت کی گئی ہے۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں بھی شہریت ترمیمی قانون کے خلاف لوگ کھڑے ہوتے نظر آ رہے ہیں۔ وہاں بسے ہندوستانی باشندوں نے متنازعہ شہریت قانون پر فکرمندی ظاہر کرتے ہوئے ہندوستانی سفارتخانہ کو ایک میمورینڈم سونپا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یہ قانون (شہریت ترمیمی قانون) تقسیم کرنے والے سماج کو فروغ دیتا ہے۔ ہندوستان سے تعلق رکھنے والے 30 لوگوں نے گزشتہ اتوار کو ہندوستانی سفارتخانہ میں افسروں سے مل کر شہریت قانون کے خلاف اپنی ناراضگی ظاہر کی۔

’لیٹر آف اپوزیشن ٹو سی اے اے‘ کو سونپنے کے بعد ابوظہبی کے باشندہ عبداللہ خان نے گلف نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں ہندوستان میں اپنے اہل خانہ کے تئیں فکرمند ہوں۔ میں نے انھیں اتر پردیش کے اعظم گڑھ میں فون کرنے کی کوشش کی، لیکن نہیں کر سکا۔ ایسا اس لیے کیونکہ شہریت قانون کو لے کر احتجاجی مظاہرہ کے بعد فون لائنیں اور انٹرنیٹ بند تھا۔‘‘


عبداللہ خان کا کہنا ہے کہ ’’یہاں کے ہندوستانی طبقہ نے سماج کو بانٹنے والے قانون کو ختم کرنے کے لیے پرخلوص گزارش کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ سبھی مذاہب کے لوگ پرامن طریقے سے رہ سکیں۔‘‘ ہندوستانی سفارتخانہ کو سونپے گئے خط میں افسروں سے تفریق آمیز، تقسیم کرنے والے اور غیر آئینی قانون کو ختم کرنے کی بھی گزارش کی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 01 Jan 2020, 11:11 AM