ٹرمپ نے 2020 کےانتخابات کے لئے مہم کی شروعات کی

ڈونلڈ ٹرمپ کا چین کے حوالہ سے کہنا تھا چین پرعائد ٹیکس کام دکھانے لگا، کمپنیاں چین چھوڑ رہی ہیں۔ امریکی عوام پر بوجھ ڈالنے کی خبریں جھوٹ ہیں لوگ ان خبروں پر توجہ نہ دیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

فلوریڈا: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلوریڈا کے اورلینڈو سے ’میگا ریلی‘ کر کے 2020 میں ہونے والے انتخابی مہم کی شروعات کی۔ انتخابی مہم کے آغاز پر خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ معاشی حالات بہتر اور امریکہ مستحکم ہو رہا ہے، ہم زیادہ تر کام کر چکے، دوسرے دور صدارت میں تمام اہداف حاصل کریں گے، امریکہ میں بیروزگاری کی شرح پہلے سے کم ہوگئی ہے۔

ٹرمپ نے منگل کی شب ایموے ایرینا میں موجود جم غفیر سے کہا، ’’آج رات میں امریکہ کے صدر کی اپنی دوسری مدت کار کے لئے مہم کی شروعات کرنے کے لئے آپ کے سامنے حاضر ہوں۔‘‘ غیر ملکی میڈیا رپورٹوں کے مطابق اپنی تقریر میں ٹرمپ نے ملک کی معیشت، حکومت کی مہاجر پالیسی اور اقتصادی نظریہ کے ساتھ فیڈرل عدالتوں کی از سر نو تشکیل کی اپنی کوششوں سمیت کئی ایشوز پر روشنی ڈالی۔


ڈونلڈ ٹرمپ کا چین کے حوالہ سے کہنا تھا چین پرعائد ٹیکس کام دکھانے لگا، کمپنیاں چین چھوڑ رہی ہیں۔ امریکی عوام پر بوجھ ڈالنے کی خبریں جھوٹ ہیں لوگ ان خبروں پر توجہ نہ دیں۔ ڈیموکریٹ امریکہ میں تقسیم در تقسیم چاہتے ہیں، تفتیش و تحقیقات کی آڑ میں مجھ پر حملے یعنی عوام پر حملہ ہے، مجھ پر حملے عوام کے حقوق اور بہتر مستقبل کی مخالفت ہے۔ میرے مخالفین امریکی عوام کو بہتر مستقبل سے محروم کرنا اورعوام کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ رابرٹ مولر کی تحقیقات ہمارے لئے رکاوٹ اور الجھن کا معاملہ نہیں، میکسیکو کی سرحد پر 400 میل کی نئی دیوار 2020 تک مکمل ہو جائے گی۔ واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نومبر 2016 میں اپنی حریف ہلیری کلنٹن کو شکست دے کر امریکہ کے 45 ویں صدر منتخب ہوئے تھے۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */