ٹرمپ نے ایرانی فوج کا لوہا مانا، کہا ’ایرانی فوجی قابل اور مضبوط ہیں‘

مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے دوران امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگرچہ امریکی عوام چاہتے ہیں کہ فوجی گھر واپس آئیں، لیکن وہ اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہتے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر بشکریہ آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

امریکی صدر ٹرمپ نےایک حالیہ بیان میں تسلیم کیا کہ ایران ایک مضبوط حریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ “جب دشمن کمزور ہو تو مشکلات پیش نہیں آتیں، لیکن یہاں معاملہ مختلف ہے۔ ایرانی فوجی قابل اور مضبوط ہیں، اگرچہ اب ان کی طاقت ایک ماہ پہلے کے مقابلے میں کچھ کم ہو چکی ہے۔” ان کا یہ اعتراف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں جنگ اور سفارتی کوششیں بیک وقت جاری ہیں۔

ٹرمپ نے امریکی فوج کی صلاحیتوں پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی فوج دنیا کی سب سے طاقتور فوج ہے، جس کا مظاہرہ مختلف عالمی آپریشنز میں ہو چکا ہے۔ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے دوران امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگرچہ امریکی عوام چاہتے ہیں کہ فوجی گھر واپس آئیں، لیکن وہ اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اپنے پہلے دورِ صدارت میں انہوں نے فوج کو مزید مضبوط بنایا، لیکن انہیں اندازہ نہیں تھا کہ دوسرے دور میں اسے اس قدر استعمال کرنا پڑے گا۔


وہائٹ ہاؤس میں ایک تقریب کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ وہ چاہتے تو ایران کے تیل کے وسائل پر قبضہ کر سکتے تھے، لیکن امریکی عوام کی خواہش ہے کہ جنگ کا خاتمہ ہو اور فوج واپس آئے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران میں موجودہ حکومت پہلے کے مقابلے میں زیادہ “سمجھدار” ہے اور امریکہ نے وہاں “اقتدار میں بڑی تبدیلی” لانے میں کردار ادا کیا ہے۔ ایف-15 طیارے کے تباہ ہونے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں ایران کو کچھ حد تک قسمت کا ساتھ ملا، کیونکہ جنگ میں بعض اوقات خوش قسمتی بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔

ٹرمپ کے مطابق ایران نے امریکہ کے سامنے امن کی ایک تجویز بھی پیش کی ہے، جو اگرچہ مکمل طور پر تسلی بخش نہیں، مگر اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے ہتھیار ڈالنے سے انکار کیا تو اس کے بنیادی ڈھانچے، جیسے پاور پلانٹس اور پل، محفوظ نہیں رہیں گے۔


آخر میں انہوں نے کہا کہ امریکہ چاہے تو جنگ سے پیچھے ہٹ سکتا ہے، مگر وہ اسے مکمل کرنا چاہتے ہیں۔ ان کے بقول ایران کو اپنی تباہ شدہ تنصیبات کی بحالی میں برسوں لگ سکتے ہیں، اور امریکہ ہرگز اسے جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔