کینیا میں المناک حادثہ: گرلز بورڈنگ اسکول میں خوفناک آتشزدگی سے 16 طالبات کی موت، 79 زخمی
سرکاری افسران کے مطابق یہ حادثہ یوتمشی گرلز اسکول میں پیش آیا جہاں ہاسٹل میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ اس وقت زیادہ تر طالبات اپنے اپنے کمروں میں سو رہی تھیں، جس کی وجہ سے وہ وقت رہتے باہر نہیں نکل پائیں۔

کینیا سے ایک المناک حادثے کی خبر سامنے آرہی ہے جہاں وسطی علاقے کے ایک گرلز بورڈنگ اسکول میں رات گئے زبردست آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 16 طالبات ہلاک اور 79 زخمی ہوگئیں۔ سرکاری افسران کے مطابق یہ حادثہ گلگل علاقے میں واقع یوتمشی گرلز اسکول میں پیش آیا جہاں ہاسٹل میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ اس وقت زیادہ تر طالبات اپنے اپنے کمروں میں سو رہی تھیں، جس کی وجہ سے وہ وقت رہتے باہر نہیں نکل پائیں۔
یہ بھی پڑھیں : نائیجیریا کے اسکول میں شدید آگ، 17 بچے جان بحق
وزیر تعلیم جولیس اونگاما نے بتایا کہ حادثے کے بعد راحت اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ اسکول میں 800 سے زائد طالبات پڑھتی ہیں، جس سے واردات کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔
واقعہ سے اسکول کیمپس اور گردونواح میں زبردست افرا تفری کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔ طالبات کے اہل خانہ میں اپنی بچیوں کا احوال جاننے کے لیے تشویش اور غم کا ماحول ہے۔ افسران نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ حادثہ شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا یا کوئی اور وجہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
بتا دیں کہ کینیا میں کئی بار اسکولوں میں آگ لگنے کے واقعات سامنے آچکے ہیں۔ سب سے بڑا واقعہ 2001 میں ماچاکوس کاؤنٹی میں پیش آیا تھا جس میں 67 طلبہ کی موت ہوگئی تھی۔ اس کے علاوہ 2017 اور 2024 میں بھی دردناک معاملے پیش آئے تھے۔ یہ تازہ ترین واقعہ ایک بار پھر اسکول میں حفاظتی انتظامات کے بارے میں سنگین سوالات کھڑے کر رہے ہیں۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
