بادشاہ نے اپنی ’محافظہ‘ کو بنایا شریک حیات، جانیں کہاں!

تھائی لینڈ کے بادشاہ نے کل یعنی بدھ کے روز اپنی ذاتی سیکورٹی کی ڈپٹی ہیڈ سے شادی کر کے اس کو ملکہ کا درجہ دے دیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

یہ غیر متوقع اعلان سنیچر کے روز تھائی بادشاہ کی روائتی تاج پوشی کی تقریبات سے قبل کیا گیا۔ 66 سالہ بادشاہ مہاوجیرالونگ کورن کو سنہ 2016 میں والد کی وفات کے بعد تھائی لینڈ کا آئینی بادشاہ بنایا گیا تھا۔ان کو بادشاہ راما دہم کہا جاتا ہے۔انھوں نے پہلے بھی تین شادیاں کیں جو کہ ختم ہو چکی ہیں اور ان کے سات بچے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا

شاہی بیان میں کہا گیا ہے کہ ’بادشاہ وجیرالونگ کورن نے اپنی ذاتی سیکورٹی گارڈ جنرل سوتھیدا وجیرالونگ کورن نا ایودھیا کو شاہی ملکہ کا درجہ دے دیا ہے اور وہ اب تمام شاہی اعزازات کے ساتھ شاہی خاندان کا حصہ ہیں‘۔

ملکہ سوتھیدا کا بادشاہ وجیرالونگ کورن کے ساتھ پرانے تعلقات ہیں اور کئی سال تک ان کو عوامی جگہ پر بادشاہ کے ساتھ دیکھا گیا ہے، حالانکہ ان کے رشتے کو پہلے کبھی بھی سرکاری طور پر تسلیم نہیں کیا گیا ہے۔


شادی تقریب کی فوٹج کو بدھ کے روز تھائی لینڈ کے ٹی وی چینلز پر دکھایا گیا تھا، جس میں شاہی خاندان اور محل کے دیگر مشیر بھی تقریب میں شامل دکھائی دیئے۔ تھائی لینڈ کے ٹی وی چینلز پر نشر کی جانے والی فوٹج میں بادشاہ کو ملکہ سوتھیدا کے سر پر مقدس پانی ڈالتے دکھایا گیا جس کے بعد جوڑے کو شادی کے کاغذات پر دستخط کرتے بھی دیکھایا گیا۔

سنہ 2014 میں تھائی بادشاہ مہاوجیرالونگ کورن نے فضائی کمپنی تھائی ائیرویز کی سابق فضائی میزبان سوتھیدا تڈجائے کو اپنے ذاتی گارڈز کے یونٹ کی ڈپٹی کمانڈر تعینات کیا تھا۔ جبکہ دسمبر 2016 میں انھیں تھائی فوج میں جرنل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی۔


سابق تھائی بادشاہ بھومبول ایڈلیڈجج نے تھائی لینڈ پر 70 برس بادشاہت کی جو کہ پوری دنیا میں کسی حکمرانی کا سب سے طویل عرصہ ہے اور ان کا انتقال سنہ 2016 میں ہوا تھا۔

(بی بی سی اردو کے انپٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 02 May 2019, 6:10 PM