ڈونالڈ ٹرمپ کی مشکلات میں اضافہ، دوسرے مخبر کی اہم ثبوت دینے کی پیشکش

اٹارنی مارک زیڈ نے دعویٰ کیا کہ ’’مخبر نے قانون کے تحت مزید انکشاف بھی کیا اور اس کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کی جاسکتی، اس مخبر کے پاس ابتدائی اہم نوعیت کی معلومات موجود ہیں‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

واشنگٹن: صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی تحقیقات میں سامنے آنے والے دوسرے مخبر نے صدر امریکہ کےخلاف اہم معلومات دینے کی پیشکش کی ہے۔ فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی رپورٹ کے مطابق اٹارنی مارک زیڈ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں کہا کہ ’’میں، ہماری قانونی ٹیم کی جانب سے پیش کیے جانے والے دوسرے مخبر کی تصدیق کرسکتا ہوں‘‘۔

اٹارنی نے مزید دعویٰ کیا کہ ’’مخبر نے قانون کے تحت مزید انکشاف بھی کیا اور اس کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کی جاسکتی، اس مخبر کے پاس ابتدائی اہم نوعیت کی معلومات موجود ہیں‘‘۔ قبل ازیں گزشتہ روز مارک زیڈ کے ساتھی وکیل اینڈریو بکاج نے کہا تھا کہ ان کی کمپنی اور ٹیم صدر ٹرمپ کے خلاف فون کال کے ذریعہ یوکرین کے صدر کو سیاسی مخالف جوئے بیڈن اور ان کے بیٹے ہنٹر کے خلاف تحقیقات پر مجبور کرنے کے الزام سے متعلق مختلف مخبروں کی نمائندگی کر رہی ہے۔


تاہم یہ واضح نہیں کہ اینڈریو بکاج نے مختلف کا لفظ 2 سے زائد مخبروں کی جانب اشارے کرنے کے لیے استعمال کیا ہے یا نہیں۔ اہم معلومات رکھنے والے مخبر کی موجودگی صدر ٹرمپ اور ان کے حامیوں کے لئے مذکورہ شکایت کو سنی سنائی بات کے طور پر مسترد کرنا مشکل بنادے گی جیسا وہ کئی بار کرچکے ہیں۔ اس سے قبل صدر ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹس میں خود پر عائد الزامات کو مسترد کیا تھا تاہم انہوں نے دوسرے مخبر کی موجودگی سے متعلق کچھ نہیں کہا تھا۔

انہوں نے اپنے بیان کو دہرایا تھا کہ ہنٹر بیڈن نے یوکرین کی کمپنی سے ماہانہ بنیادوں پر ایک لاکھ ڈالر وصول کیے تھے جبکہ ان کے پاس توانائی کے شعبہ میں کوئی تجربہ نہیں تھا، علاوہ ازیں ہنٹر بیڈن نے کسی تجربہ اور ظاہری وجہ نہ ہونے کے باوجود چین سے ڈیڑھ ارب ڈالر وصول کیے تھے۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ ’’صدر ہونے کی حیثیت سے مجھ پر کسی ممکنہ کرپشن کی تحقیقات کروانا لازم ہے‘‘۔


دیگر رپورٹس کے مطابق ہنٹر بیڈن کو یوکرین کی گیس کمپنی کے بورڈ کا رکن ہونے کی حیثیت سے ماہانہ 50 ہزار ڈالر دئیے جاتے تھے۔ اس حوالہ سے تاحال کوئی شواہد موجود نہیں ہے کہ ہنٹر بیڈن نے کوئی غیرقانونی کام کیا تھا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر نے غیر معمولی طور پر اتوار کا دن وائٹ سفر کرنے یا گولف کھیلنے کے بجائے وائٹ ہاؤس میں رہ کر گزارا۔

امریکی نشریاتی ادارہ سی این این نے اینکر جیک ٹیپر کا بیان ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’’گزشتہ 3 برسوں کے انتہائی اہم خبروں کے دوران، وائٹ ہاؤس نے کسی مہمان، صدر کے ذاتی وکلا اور ری پبلکن پارٹی کے کانگریس ارکان کو نہیں بلایا، کسی شو پر آنے سے انکار کردیا یا جواب نہیں دیا۔


تاہم ایک ری پبلکن سینیٹر رون جانسن نے نشریاتی ادارے این بی سی کے پروگرام ’میٹ دی پریس‘ میں یوکرین پر جوئے بیڈن کے خلاف تحقیقات سے متعلق دباؤ ڈالنے کے لئے فوجی امداد روکنے کی رپورٹس کو مسترد کردیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 07 Oct 2019, 12:55 PM