پوپ فرانسس کی حالت نازک، وٹیکن کا تازہ بیان جاری

وٹیکن کے مطابق پاپائے اعظم فرانسس کی حالت نازک ہے اور انہیں آکسیجن تھراپی دی جا رہی ہے۔ خون کی جانچ میں دل اور گردے سے متعلق مسائل کا پتہ چلا، جبکہ ان کی تھرو مبو سائٹوپینیا کی حالت بھی مستحکم ہے

پوپ فرانسس، تصویر آئی اے این ایس
پوپ فرانسس، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

پوپ فرانسس کی حالت نازک بنی ہوئی ہے اور انہیں آکسیجن تھراپی دی جا رہی ہے۔ وٹیکن کے مطابق ان کی صحت کے حوالے سے تازہ طبی جانچ میں کچھ مزید پیچیدگیاں سامنے آئی ہیں، جن میں دل سے متعلق معمولی مسئلہ اور گردے کی خرابی بھی شامل ہے۔

وٹیکن کے جاری کردہ بیان کے مطابق پاپائے اعظم کو خون کی ایک بیماری، تھرومبو سائٹوپینیا بھی لاحق ہے، جس میں خون میں پلیٹلیٹس کی مقدار کافی کم ہو جاتی ہے۔ اس وقت ان کی حالت مستحکم ہے، تاہم ان کے لیے مسلسل طبی نگرانی ضروری قرار دی گئی ہے۔

پاپائے اعظم فرانسس کو 14 فروری کو روم کے جیمیلی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جب انہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا۔ ابتدائی طور پر برونکائٹس کا علاج کیا گیا، تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ وہ نمونیا میں بھی مبتلا ہیں، جس کی وجہ سے ان کی حالت مزید خراب ہو گئی۔

رواں ہفتے، اتوار کی صبح پاپائے اعظم نے ایک بیان جاری کیا، جس میں کیتھولک برادری سے درخواست کی کہ وہ ان کے لیے دعا کریں کیونکہ وہ خود پر روایتی دعائیہ عمل انجام دینے کے قابل نہیں ہیں۔


86 سالہ پاپائے اعظم فرانسس کا تعلق ارجنٹینا سے ہے اور وہ رومن کیتھولک چرچ کی سربراہی کرنے والے پہلے لاطینی امریکی اور پہلے جیسوئٹ پوپ ہیں۔ 2013 میں پوپ بینیڈکٹ شانزدہم کے مستعفی ہونے کے بعد انہوں نے پوپ کا منصب سنبھالا۔ ان کے مداح انہیں رحم دلی، غریبوں کے لیے ہمدردی، اور اصلاحات کے لیے ان کی کوششوں کے حوالے سے جانتے ہیں۔

وٹیکن کے بیان کے مطابق ڈاکٹروں کی ایک خصوصی ٹیم مسلسل ان کی نگرانی کر رہی ہے اور ان کے علاج کو ہر ممکن حد تک مؤثر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ تاہم، ان کی صحت کے حوالے سے مزید تفصیلات کا انتظار ہے اور دنیا بھر کے کیتھولک پیروکار ان کی صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔