میانمار میں تباہ کن زلزلہ: 1600 سے زائد افراد ہلاک، امدادی کام شدید متاثر
میانمار میں 7.7 شدت کے زلزلے سے 1600 سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوگئے۔ تباہ شدہ سڑکیں، پل اور مواصلاتی نظام کے مسائل امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں

میانمار کے دوسرے سب سے بڑے شہر ماندلے میں آنے والے 7.7 شدت کے زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 1600 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 3400 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ شہر کی سڑکوں پر لاشیں بکھری پڑی ہیں، جن سے تعفن پھیلنے لگا ہے۔ لوگ اپنے ہاتھوں اور بیلچوں سے ملبہ ہٹاکر زندہ بچ جانے والوں کو تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔
زلزلے سے ماندلے کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی کئی عمارتیں منہدم ہوگئیں۔ سڑکیں اور پل تباہ ہونے سے امدادی سرگرمیاں شدید متاثر ہیں۔ شہری مواصلات کا نظام درہم برہم ہوچکا ہے، جبکہ جاری خانہ جنگی کے باعث ریسکیو کارروائیوں میں مزید مشکلات پیش آرہی ہیں۔
اتوار کو آنے والے 5.1 شدت کے جھٹکوں سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم کچھ دیر بعد امدادی کام دوبارہ شروع ہوگئے۔ زلزلے کے بعد ماندلے کے لاکھوں شہری بے گھر ہوگئے ہیں اور کئی افراد نے رات سڑکوں پر گزاری۔
میانمار میں کام کرنے والی تنظیم 'کیھتولک ریلِف سروسز' کے مطابق کئی متاثرہ علاقوں میں اب تک امداد نہیں پہنچ سکی ہے اور مقامی لوگ ہی ملبہ ہٹانے میں لگے ہوئے ہیں۔ ہمسایہ ملک تھائی لینڈ میں بھی زلزلے کے جھٹکوں سے 17 افراد ہلاک ہوگئے۔
ہندوستان نے میانمار کی مدد کے لیے دو C-17 فوجی طیارے روانہ کیے، جو ہفتہ کی رات نیپیتاو میں اترے۔ طیاروں میں 60 بستروں والا ایمرجنسی میڈیکل سینٹر بنانے کے لیے فوجی طبی عملہ اور 120 اہلکار موجود تھے۔ ہندوستان نے یانگون میں بھی امدادی سامان بھجوایا ہے، جہاں دیگر ممالک کی جانب سے بھی امداد پہنچ رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔