افغانستان : فوجی ہیلی کاپٹرکریش میں 25 افراد ہلاک، طالبان نے لی ذمہ داری

گورنر فراہ کے ترجمان کے مطابق ہیلی کاپٹر کو خراب موسم کا سامنا تھا لیکن طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ ہیلی کاپٹر کی تباہی ان کی ایک کارروائی کے نتیجے میں ہوئی ہے۔

علامتی تصویر
i

کابل: افغانستان کے صوبے فراہ میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ڈپٹی کمانڈر سمیت 25 اہلکار ہلاک ہوگئے۔ افغان صوبے فراہ کے گورنر کے ترجمان ناصر مہری نے نیوز ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ آج صبح دو ہیلی کاپٹر ہمسایہ صوبے ہرات کی جانب روانہ تھے کہ اُن میں سے ایک گر کر تباہ ہو گیا۔

فوری طور پر یہ نہیں معلوم ہو سکا کہ اس فوجی ہیلی کاپٹر کے تباہ ہونے کی وجوہات کیا تھیں۔ صوبے فراہ کے گورنر کے ترجمان مطابق ہیلی کاپٹر کو خراب موسم کا سامنا تھا لیکن طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ ہیلی کاپٹر کی تباہی ان کی ایک کارروائی کے نتیجے میں ہوئی ہے۔

ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے لاشوں کو اسپتال منتقل کیا، ہیلی کاپٹر کے تباہ ہونے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تفتیشی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر پر کل 23 افراد سوار تھے جبکہ دونوں پائلٹ بھی ہلاک ہو گئے ہیں۔ صوبائی کونسل کے ایک رکن خیر محمد نور زئی کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں صوبائی کونسل کے سربراہ فرید احمد بختاور اسی کونسل کی خاتون رکن جمیلہ امینی اور مغربی افغانستان کے ڈپٹی کور کمانڈر نعمت اللہ خلیل بھی شامل ہیں۔

افغان فوج کے ترجمان نجیب اللہ نجیبی کا ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ظفر ملٹری کور کے ہیلی کاپٹر میں ڈپٹی کمانڈر سمیت فوجی افسران اور فراہ کونسل کے سربراہ سمیت چند اراکین بھی موجود تھے۔

افغانستان کے جن علاقوں میں طالبان کی موجودگی زیادہ ہے، ان علاقوں میں اعلیٰ حکومتی اہلکار زیادہ تر ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہی سفر کرتے ہیں۔ رواں برس ستمبر میں بھی فراہ صوبے میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر ایمرجنسی لینڈنگ کے دوران تباہ ہو گیا تھا۔ اُس ہیلی کاپٹر میں ہتھیاروں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی اور کم از کم چار افراد مارے گئے تھے۔

رواں ماہ کے آغاز پر شمالی صوبے بلخ میں بھی ایک ہیلی کاپٹر تباہ ہو گیا تھا، جس کے نتیجے میں بارہ افراد مارے گئے تھے اور ہلاک ہونے والوں میں دو یوکرائنی بھی شامل تھے۔

مغربی ممالک افغانستان کی فضائیہ کو مضبوط بنانے کی کوشش میں مصروف ہیں کیوں کہ طالبان کے دور میں ہونے والی خانہ جنگی کے نتیجے میں یہ مکمل طور پر تباہ ہو گئی تھی۔ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو نہ صرف افغان پائلٹوں کو تربیت فراہم کر رہا ہے بلکہ افغانستان کی فضائیہ کو جدید بنانے کو عمل بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔