امریکی خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ نے ایپسٹین سے تعلقات کی سختی سے کی تردید، متاثرین کی سماعت کا مطالبہ
میلانیا ٹرمپ نے جیفری ایپسٹین سے تعلقات کے الزامات کو جھوٹ اور بہتان قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کر دیا اور کانگریس سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خواتین کو عوامی سطح پر بیان دینے کا موقع دیا جائے

امریکی خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ نے اپنے اوپر لگائے گئے ان الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جن میں انہیں بدنام زمانہ مالیاتی شخصیت جیفری ایپسٹین سے جوڑا جا رہا تھا۔ وائٹ ہاؤس سے جاری ایک غیر معمولی بیان میں انہوں نے ان دعوؤں کو سراسر جھوٹ، بے بنیاد اور ہتک آمیز قرار دیا۔
میلانیا ٹرمپ نے کہا کہ ’’میرے خلاف ایپسٹین سے تعلقات کے حوالے سے پھیلائے جانے والے جھوٹ آج ہی ختم ہونے چاہئیں۔ جو لوگ یہ الزامات لگا رہے ہیں، وہ اخلاقی معیار، عاجزی اور احترام سے محروم ہیں۔ میں ان کی لاعلمی پر اعتراض نہیں کرتی، بلکہ ان کے بدنیتی پر مبنی الزامات کو مسترد کرتی ہوں۔‘‘
انہوں نے واضح کیا کہ نہ تو ان کا ایپسٹین سے کبھی کوئی ذاتی تعلق رہا اور نہ ہی اس کی قریبی ساتھی گیلین میکسویل سے کوئی رشتہ تھا۔ ان کے مطابق، میکسویل کے ساتھ ان کی بات چیت صرف رسمی نوعیت کی تھی۔
میلانیا ٹرمپ نے مزید کہا کہ نیویارک اور پام بیچ جیسے مقامات پر سماجی حلقوں میں مختلف افراد کا ایک ہی تقریبات میں مدعو ہونا معمول کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کے شوہر ڈونالڈ ٹرمپ بعض مواقع پر ایسی تقاریب میں شریک ہوئے جہاں ایپسٹین بھی موجود ہوتا تھا لیکن اس سے کسی قسم کے ذاتی تعلق کا نتیجہ اخذ کرنا درست نہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کانگریس سے مطالبہ کیا کہ ایپسٹین کے متاثرین کو عوامی سطح پر اپنے بیانات پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر متاثرہ خاتون کو حق حاصل ہونا چاہیے کہ اگر وہ چاہے تو کھلے عام اپنی کہانی بیان کرے اور اس بیان کو سرکاری ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ایپسٹین سے مبینہ روابط پر ایک بار پھر بحث تیز ہو گئی ہے۔ امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے حالیہ دستاویزات جاری کیے جانے کے بعد اس معاملے نے نئی توجہ حاصل کی ہے۔ ان دستاویزات میں مختلف بااثر شخصیات کے ساتھ ٹرمپ کا نام بھی شامل بتایا جا رہا ہے۔
کچھ رپورٹس میں ایک خاتون کے دعوے کا ذکر بھی سامنے آیا ہے جس کے مطابق ایپسٹین نے اسے 1980 کی دہائی میں ٹرمپ سے ملوایا تھا اور اس وقت اس کی عمر 13 سے 15 سال کے درمیان تھی۔ تاہم اس دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی، جبکہ ٹرمپ ماضی میں ایسے تمام الزامات کی تردید کر چکے ہیں اور کہہ چکے ہیں کہ ان کا ایپسٹین سے تعلق 2000 کی دہائی کے وسط میں ختم ہو گیا تھا۔
واضح رہے کہ جیفری ایپسٹین 2019 میں وفاقی جنسی اسمگلنگ کے الزامات کے تحت مقدمے کا سامنا کرتے ہوئے حراست میں ہی فوت ہو گیا تھا، جس کے بعد سے اس معاملے پر مختلف سطحوں پر تحقیقات اور انکشافات کا سلسلہ جاری ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔