اردن: آکسیجن نہ ملنے پر 7 مریضوں کی وفات، شاہ عبد اللہ کا اسپتال کا دورہ، وزیرِ صحت مستعفی

اردن کے وزیرصحت نذیرعبیدات ایک سرکاری اسپتال میں آکسیجن کی معطلی کے نتیجے میں سات مریضوں کی وفات پراپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

عمان: اردن کے وزیرصحت نذیرعبیدات ایک سرکاری اسپتال میں آکسیجن کی معطلی کے نتیجے میں سات مریضوں کی وفات پراپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ اردن کے دارالحکومت عمان کے نزدیک واقع قصبے السلط میں السلط جنرل اسپتال میں آکسیجن کا نظام ایک گھنٹے تک معطل رہا تھا اور آکسیجن کی عدم دستیابی کی وجہ سے وہاں زیرعلاج سات مریض وفات پاگئے تھے۔

اردنی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اس واقعے کے خلاف شہریوں نے سخت احتجاج کیا ہے اور خود شاہ عبداللہ دوم نے بھی اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔انھوں نے ہفتے کے روز السلط اسپتال کا دورہ کیا ہے اور عملہ سے واقعہ کے بارے میں پوچھ تاچھ کی ہے۔اردنی ولی عہد شہزادہ حسین بن عبداللہ بھی ان کے ساتھ تھے۔

اسپتال میں کورونا وائرس کے مریضوں کی وفات کے بعد افراتفری کا ماحول پیداہوگیا تھا اور مریضوں کے عزیزواقارب وہاں آگئے تھے۔ حکام نے کسی قسم کی بدنظمی سے بچنے کے لیے اسپتال کے باہر پولیس کو تعینات کر دیا تھا۔


اردنی وزیراعظم بشرہانی الخصاونہ نے حکام کو واقعہ کی فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔اردن کی سرکاری خبررساں ایجنسی بطرا کے مطابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ ’’تحقیقات شفاف اورجامع ہوں گی اور اس کی تفصیل عوام کے لیے جاری کی جائے گی۔‘‘

انھوں نے عدالتی کونسل کے صدر سے پبلک پراسیکیوشن کے ذریعے تحقیقات کی درخواست کی ہے اور کہاہے کہ تحقیقات کے نتائج کو آزادانہ اور واضح انداز میں جاری کیا جائے۔ انھوں نے واضح کیا ہے کہ جوکوئی بھی مریضوں کی وفات کا ذمے دار ہوگا،اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔