تہران میں تیل ڈپو پر اسرائیل کا حملہ، جوابی کارروائی میں ایران نے حیفہ کی ریفائنری کو بنایا نشانہ، لگی آگ

ایران نے راجدھانی تہران واقع آئل ریفائنری اور ڈپو پر اسرائیل۔امریکہ کے حملے کو بربریت اور دہشت گردی کی کارروائی قرار دیا ہے وہیں کئی ماہرین نے بھی ایسے حملوں کو جنگی کارروائی کے زمرے میں رکھا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ایران پر اسرائیل کا حملہ (فائل)، تصویر ’انسٹاگرام‘</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ذریعہ ہفتے کی رات ایران کے لیے سب سے بُری رات بنانے کے دھمکی دینے کے چند گھنٹوں بعد ہی اسرائیل نے ایران پر نئے حملے شروع کر دیئے۔ ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق ہفتے کی رات تہران میں ایک تیل ڈپو پرامریکہ اور اسرائیل کی جانب سے فضائی بمباری کی گئی۔ یہ ایران کے تیل انفراسٹرکچر پر پہلا بڑا حملہ تھا۔ حملے کے بعد تیل ذخیرہ کرنے والے ٹینک میں آگ لگ گئی جس کے بعد دھویں کے غبار آسمان سے باتیں کرنے لگے۔

حملے کے بعد سامنے آئی فوٹیج میں آسمان کی طرف اُٹھتے شعلے اور دھویں کے گولے دیکھے جا سکتے ہیں۔ فی الحال اس تازہ حملے سے ہونے والے نقصان کا اندازہ نہیں لگایا جا سکا ہے لیکن خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ تہران پر اب تک کا سب سے بڑا حملہ ہے۔ ادھر ایران کی جانب سے اسرائیل پر جوابی حملوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق تہران سے اسرائیل کے مختلف علاقوں کی جانب میزائل داغے گئے اور متعدد مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔


ایران کے اسلامک انقلابی گارڈ کور (آئی آرجی سی) نے ہفتے کی رات کہا کہ اس نے تہران کی آئل تنصیب پر حملے کے جواب میں اسرائیل کے شہر حیفہ میں ایک ریفائنری پر حملہ کیا۔ ایران آئل ریفائنری اور ڈپو پر حملے کو بربریت اور دہشت گردی کی کارروائی قرار دے رہا ہے اور کئی ماہرین نے ایسے حملوں کو جنگی کارروائی قرار دیا ہے۔

ایسے حملے بین الاقوامی قوانین کے تحت جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔ یہ ایرانیوں کے خلاف نفسیاتی جنگ کا حصہ ہو سکتا ہے جس میں انہیں ڈرانے اور یہ باور کرانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ ان کی حکومت انہیں بچا نہیں پائے گی۔ اسرائیل نے اس سے قبل یمن میں تیل کے بڑے ڈپو اور رہائشی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا تھا۔ گزشتہ ہفتے ایران کے ایک اسکول پر ہوئے اسرائیل اور امریکہ کے مشترکہ حملے میں 100 سے زائد طالبات جاں بحق ہوگئی تھیں۔ ایرانی میڈیا فارس نیوز نے بتایا ہے کہ ایرانی حملے میں ایک ایمبولینس بھی تباہ ہو گئی ہے۔


دوسری طرف دبئی میڈیا آفس کے مطابق ایرانی ڈرون دبئی مرینا کے ایک مرینا ٹاور سے ٹکرا گیا جس کے بعد عمارت میں آگ بھڑک اٹھی۔ واقعے کے نتیجے میں ملبہ گرنے سے ایک غیرملکی شہری کی موت ہوگئی۔ عرب میڈیا کے مطابق کرد عراق میں ایربل انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور علاقے میں آگ کے شعلے بلند ہوتے دیکھے گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔