سعودی عرب میں ایئربیس پر ایران کا حملہ، کئی امریکی فوجی زخمی، ایندھن فراہم کرنے والے طیارے تباہ

ایرانی میڈیا کے مطابق آئی آر جی سی نے کہا کہ ’آپریشن وعدۂ صادق 4‘ کی 84 ویں لہر شروع کردی گئی ہے اور اس دوران امریکی ایندھن بھرنے والی متعدد گاڑیوں اور ان کے لاجسٹک سپورٹ بیڑے کو تباہ کر دیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ایرانی میزائل حملے(فائل فوٹو)</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

 امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے 28 فروری کو ایران پر کئے گئے یکطرفہ حملے کے بعد تہران کی جانب سے شروع کی گئی جوابی کارروائی کے سبب مشرق وسطیٰ میں ہر روز کشیدگی میں اضافہ ہورہا ہے۔ اس دوران ایران کی جانب سے خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو مسلسل نشانہ بنایا جارہا ہے۔ تازہ خبر کے مطابق ایران نے جمعہ کے روز سعودی عرب واقع امریکی فوجی بیس کو نشانہ بنایا جس میں امریکی ایندھن فراہم کرنے والے جہازوں کی ایک بڑی تعداد اور لاجسٹک سپورٹ بیڑے کو تباہ کردیا گیا۔ اس حملے میں کئی امریکی فوجی زخمی بتائے جارہے ہیں۔

خبروں کے مطابق سعودی عرب کی الخرج بیس پر ہوئے حملے میں ایرانی میزائل اور بغیر پائلٹ ڈرون استعمال کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ وہیں26  سالہ آرمی سارجنٹ بینجمن این پیننگٹن کی یکم مارچ کوایئربیس پر ہوئے حملے میں زخمی ہونے کے چند روز بعد موت ہوگئی۔ امریکی سینٹرل کمانڈ نے بتایا کہ اس جنگ میں اب تک اس کے 300 سے زائد فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ ادھر دو امریکی افسران کے مطابق جمعہ کو سعودی عرب میں ایک امریکی فوجی اڈے پر ایرانی میزائل حملے میں کم از کم 10 امریکی فوجی زخمی اور کئی طیاروں کو نقصان پہنچا۔ ایک افسر نے بتایا کہ دو فوجی شدید زخمی ہوئے ہیں۔ دونوں افسران نے فوجی معاملات کی حساسیت کے پیش نظر نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر یہ بات بتائی۔


افسران نے بتایا کہ ایئر بیس پر حملے میں کئی امریکی ایندھن بھرنے والے طیارے تباہ ہوگئے ہیں۔ وہیں دو فوجی شدید زخمی ہوئے ہیں۔ طیاروں کو پہنچنے والے نقصان کو ظاہر کرنے والی سیٹلائٹ تصاویر آن لائن پوسٹ کی گئیں۔ ایرانی میزائل اور بغیر پائلٹ ڈرون حملے کے صرف ایک دن پہلے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران پوری طرح تباہ ہوچکا ہے۔ وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے یہ بھی کہا کہ تاریخ میں کبھی کسی ملک کی فوج کو اتنی جلدی اور اتنی مؤثر طریقے سے بے اثر نہیں کیا گیا۔

وہیں ایرانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پاسداران انقلاب (آئی آر جی سی) نے بیان میں کہا کہ ’آپریشن وعدۂ صادق 4‘ کی 84 ویں لہر شروع کردی گئی ہے اور اس دوران امریکی ایندھن بھرنے والی متعدد گاڑیوں اور ان کے لاجسٹک سپورٹ بیڑے کو کامیابی سے تباہ کر دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ امریکی حکومت کی جانب سے خطے کے ایئربیسز کو جارحیت کے لیے استعمال کیے جانے کے بعد پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس نے بحریہ کی مدد سے آپریشن کی 84 ویں لہر کے دوران ایک خصوصی مشترکہ میزائل اور ڈرون آپریشن کیا۔


آئی آر جی سی نے آگاہ کیا کہ ان کی فورسز نے دشمن کے اینٹی میزائل دفاعی نظام تباہ کردیا اور ٹھوس اور مائع ایندھن والے میزائلوں کے ساتھ الخرج بیس میں کامیابی سے داخل ہو کر وہاں موجود ایندھن بھرنے والے اور فضائی مدد فراہم کرنے والے بیڑے کو میزائلوں اور ڈرون کے بے دریغ حملوں سے نشانہ بنایا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔