ٹرمپ نے ایران سے کہا کہ کہیں معاہدے کے لئے دیر نہ ہو جائے

ایران نے یہ اعلان کیا ہے کہ اس نے بحرین میں امیزن کی ایک عمارت کو نشانہ بنایا ہے۔ایران کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز اور خلیج فارس سے اب صرف “امریکی تابوت” ہی گزر سکتے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر بشکریہ آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے درمیان حالات تیزی سے سنگین رخ اختیار کرتے جا رہے ہیں، اور حالیہ پیش رفت سے یہ اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ آنے والے دنوں میں تناؤ مزید بڑھ سکتا ہے۔ ایک جانب امریکہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے تہران کو ملانے والے ایک اہم پل کو تباہ کر دیا ہے، جبکہ دوسری طرف ایران نے یہ اعلان کیا ہے کہ اس نے بحرین میں امیزن کی ایک عمارت کو نشانہ بنایا ہے۔ اسی دوران اقوام متحدہ نے دونوں فریقین سے فوری جنگ بندی کی اپیل کی ہے۔

جمعرات کے روز امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایران پر واضح دباؤ ڈالتے ہوئے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ تہران کسی معاہدے پر آمادہ ہو جائے، ورنہ بہت دیر ہو سکتی ہے اور ایک ایسا ملک، جو اب بھی ایک عظیم ریاست بننے کی صلاحیت رکھتا ہے، مکمل تباہی کے دہانے پر پہنچ سکتا ہے۔ اپنی تقریر میں انہوں نے یہ بھی خبردار کیا کہ اگر ایران نے معاہدہ نہ کیا تو اس کے بجلی گھروں کو نشانہ بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ “اگر وہ تیار نہ ہوئے تو ہم ان کے تمام پاور پلانٹس پر شدید اور بیک وقت حملے کریں گے۔”


ٹرمپ نے ایران میں ممکنہ سیاسی تبدیلی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کا مقصد کبھی بھی براہِ راست حکومت کی تبدیلی نہیں تھا، تاہم سپریم لیڈر کی ہلاکت کے بعد حالات خود بخود بدل گئے۔ دوسری جانب امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے تہران کو کرج سے ملانے والے اہم بی-1 پل پر حملے کی اطلاعات ہیں، جس میں متعدد افراد زخمی ہوئےبتائے جا رہے ہیں۔

ایران نے امریکی دھمکیوں کو مسترد کرتے ہوئے سخت ردعمل دیا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز اور خلیج فارس سے اب صرف “امریکی تابوت” ہی گزر سکتے ہیں، اس کے علاوہ کچھ نہیں۔ ایران پہلے ہی خلیجی ممالک میں موجود امریکی کمپنیوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دے چکا تھا، اور اب اس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بحرین میں امیزن کی ایک عمارت پر حملہ کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔