انڈونیشیا: کینڈی فیکٹری میں بھیانک آتشزدگی، انسانی باقیات سے بھرے 24 تھیلے برآمد، 29 کارکن لاپتہ
انڈونیشیا کے صوبہ بنٹن میں کینڈی فیکٹری میں بھیانک آتشزدگی کے بعد انسانی باقیات سے بھرے 24 تھیلے برآمد ہوئے ہیں۔ 29 کارکن لاپتہ ہیں، جب کہ ہلاکتوں کی حتمی تعداد کا تعین جاری ہے

انڈونیشیا کے مغربی صوبے بنٹن میں کینڈی بنانے والی ایک فیکٹری میں بھیانک آتشزدگی کے بعد امدادی کارکنوں نے انسانی باقیات سے بھرے 24 تھیلے برآمد کیے ہیں۔ اتوار کو بھی جائے حادثہ پر تلاش اور امدادی کارروائیاں جاری رہیں۔ تاہم ہلاک ہونے والوں اور لاپتہ کارکنوں کی حتمی تعداد کے بارے میں اب بھی غیر یقینی صورت حال برقرار ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق آگ ہفتے کی شام تقریباً 4 بج کر 30 منٹ پر (مقامی وقت) صوبہ بنٹن کے سرانگ ریجنسی کے چیکانڈے ضلع میں واقع پنچاتاما انڈسٹریل اسٹیٹ میں قائم پی ٹی فونوسا اگنگ مولیا کی فیکٹری کی دفتری عمارت اور گودام میں لگی۔ انگریزی زبان کے مقامی اخبار جکارتہ گلوب کے مطابق آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
فائر فائٹرز نے آگ پر قابو پانے کے لیے کئی گھنٹوں تک جدوجہد کی اور مرکزی آگ لگنے کے تقریباً 14 گھنٹے بعد اس پر قابو پایا جا سکا۔ تاہم اتوار کو بھی عمارت میں موجود ملبے کو ٹھنڈا کرنے اور سلگتے ہوئے حصوں پر پانی ڈالنے کا کام جاری رہا۔ لاپتہ درجنوں کارکنوں کی تلاش کا عمل رات کے وقت روک دیا گیا تھا، جسے پیر کی صبح دوبارہ شروع کیا جانا ہے۔
فیکٹری انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ حادثے کے وقت موجود 65 کارکنوں میں سے 24 اپنے گھروں کو واپس پہنچ چکے ہیں، جب کہ چار کارکنوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ 29 کارکن اب بھی لاپتہ ہیں اور مزید آٹھ افراد کے بارے میں معلومات کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
بنٹن ریجنل پولیس کے سینئر کمشنر مارولی اہلیس ہوتاپیا نے بتایا کہ پیداواری عمارت اور دفاتر کے اندر تلاش اور انخلا کی کارروائیاں اس وقت شروع کی جائیں گی جب عمارت مکمل طور پر ٹھنڈی ہو جائے گی اور متعلقہ اہلکار اسے محفوظ قرار دے دیں گے۔ ان کے مطابق پولیس حکام کارکنوں کی موجودگی اور ان کی شناخت کی تصدیق کے لیے اہل خانہ اور فیکٹری انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
آگ نے فیکٹری کے ذخیرہ کرنے والے حصوں کو تیزی سے اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں تیار شدہ اشیا، خام مال اور مشینری سمیت فیکٹری کا قیمتی سامان تباہ ہو گیا۔
پولیس نے برآمد کیے گئے انسانی باقیات کے 24 تھیلوں کو پوسٹ مارٹم یونٹ منتقل کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ متاثرین کی شناخت کے لیے ماہرین پر مشتمل خصوصی ٹیم بھی تعینات کی گئی ہے، جس میں فرانزک ماہرین، ڈی این اے کے ماہرین اور دانتوں کے ذریعے شناخت کرنے والے ماہرین شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ فرانزک جانچ مکمل ہونے تک ہلاکتوں کی حتمی تعداد کا اعلان نہیں کیا جا سکتا۔ فی الحال آتشزدگی کی وجوہات بھی سامنے نہیں آ سکی ہیں اور حکام نے اس سلسلے میں کسی حتمی نتیجے کا اعلان نہیں کیا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
