زلزلے، سونامی اور سیلاب سے نمٹنے کے لیے ہندوستان اور آسیان کا تعاون بڑھانے پر اتفاق، مشترکہ کوششیں تیز کرنے کا عزم
ہندوستان اور آسیان نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ مشترکہ کوششوں میں جدید ٹیکنالوجی، پیشگی انتباہی نظام، تربیت اور فوری امدادی کارروائیوں کو فروغ دیا جائے گا

منیلا: ہندوستان اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم آسیان نے قدرتی آفات سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ اس کے تحت زلزلے، سونامی، سیلاب، سمندری طوفان، شدید گرمی اور لینڈ سلائیڈنگ جیسی قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتباہی نظام، جدید ٹیکنالوجی، مشترکہ مشقوں اور فوری راحت و بچاؤ کی کارروائیوں کو فروغ دیا جائے گا۔
اس سلسلے میں فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں منگل کو منعقدہ 23ویں آسیان-ہندوستان سربراہ اجلاس کے موقع پر ایک مشترکہ بیان جاری کیا گیا۔ ہندوستان کی وزارت خارجہ نے اس بیان کو جاری کرتے ہوئے کہا کہ دونوں فریق قدرتی آفات کے انتظام کے تمام مراحل میں تعاون بڑھانے کے لیے کام کریں گے۔ ان میں آفات کی روک تھام، خطرات کی نشاندہی، تیاری، راحت و بچاؤ، بازآبادکاری، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اور متعلقہ اداروں کی صلاحیت سازی شامل ہیں۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان اور آسیان کے رکن ممالک قدرتی آفات کے مشترکہ خطرات کا سامنا کرتے ہیں، جن کا سب سے زیادہ اثر معاشرے کے کمزور اور حساس طبقات پر پڑتا ہے۔ اس لیے صرف آفت کے بعد امداد پہنچانا کافی نہیں، بلکہ پہلے سے تیاری اور ممکنہ نقصانات کو کم کرنے کے لیے مؤثر نظام تیار کرنا بھی ضروری ہے۔
تعاون کے اہم شعبوں میں پیشگی انتباہی نظام کو مضبوط بنانا شامل ہے۔ اس کے تحت زلزلوں، سونامی، سیلاب، سمندری طوفان اور لینڈ سلائیڈنگ سے متعلق معلومات کے تبادلے کو فروغ دیا جائے گا۔ سیٹلائٹ سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار، زلزلوں کی نگرانی اور موسمیاتی پیش گوئیوں سے استفادہ کرتے ہوئے آفات کی پیشگی اطلاع اور خطرات کا اندازہ لگانے کی صلاحیت بہتر بنائی جائے گی۔
ہندوستان اور آسیان کے ممالک باقاعدہ تربیتی پروگراموں، فرضی مشقوں اور آفات سے نمٹنے والے اہلکاروں کے تبادلے کے ذریعے اپنی تیاریوں کو مضبوط کریں گے۔ کسی رکن ملک میں قدرتی آفت آنے کی صورت میں اس کی درخواست یا رضامندی کی بنیاد پر انسانی امداد اور راحت و بچاؤ کی کارروائیوں میں تیزی لانے کے لیے بھی تعاون کیا جائے گا۔
بیان میں فوجی اور شہری تحفظ سے متعلق اداروں کے درمیان تال میل بڑھانے پر بھی زور دیا گیا ہے، تاہم واضح کیا گیا ہے کہ آفات کے انتظام میں شہری انتظامیہ کا کردار بنیادی ہوگا اور فوجی وسائل کا استعمال آخری متبادل کے طور پر کیا جائے گا۔
اس تعاون کو اسٹریٹجک اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے آسیان کے آفات سے نمٹنے کے معاہدے (اے اے ڈی ایم ای آر) اور ہندوستان کے ’مہاساگر‘ وژن کے درمیان ممکنہ تال میل کو بھی نمایاں کیا گیا ہے۔ اس سے بحرہند اور ہند-بحرالکاہل خطے میں انسانی امداد اور آفات کے دوران راحت رسانی کے شعبے میں ہندوستان کا کردار مزید مستحکم ہو سکتا ہے۔
مشترکہ بیان میں مصنوعی ذہانت (اے آئی)، مشین لرننگ اور بگ ڈیٹا اینالیٹکس کے استعمال پر بھی زور دیا گیا ہے۔ ان ٹیکنالوجیز کے ذریعے آفات کے خطرات کا بہتر اندازہ لگانے، بروقت انتباہ جاری کرنے اور امدادی کارروائیوں میں تال میل پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
اس کے علاوہ ہندوستان کا قومی ادارہ برائے آفات کا انتظام (این آئی ڈی ایم) اور آسیان کے متعلقہ ادارے مشترکہ تربیتی پروگرام منعقد کریں گے۔ آفات کے انتظام سے وابستہ ماہرین کے لیے اسکالرشپ اور تکنیکی تبادلے کو بھی فروغ دیا جائے گا۔ دونوں فریقوں نے آفات کے بعد تعمیر نو کو ماحول دوست اور پائیدار بنانے، مضبوط بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری اور خواتین، نوجوانوں، بزرگوں اور معذور افراد کی شمولیت یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
مشترکہ بیان پر عمل درآمد کے لیے آسیان کی کمیٹی برائے آفات کا انتظام اور ہندوستان کے متعلقہ ادارے ٹھوس سرگرمیوں کی نشاندہی کریں گے۔ اس تعاون کی پیش رفت کا جائزہ آسیان-ہندوستان ایکشن پلان 2026-2030 کے تحت لیا جائے گا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
