صحافیوں پر بڑھتے حملے اظہار رائے کی آزاد ی پر خطرہ

سروے کے مطابق ملک اور دنیا میں صحافیوں پر بڑھتے ہوئے حملوں کی وجہ سے اظہار رائے کی آزادی پر خطرہ بڑھ رہا ہے۔

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

یو این آئی

صحافیوں پر کئے گئے ایک سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملک میں تقریباً61 فیصد صحافیوں کو اپنی خبروں یا اس سے متعلق حقائق کی وجہ سے کبھی نہ کبھی دھمکی یا دیگر طرح کے دباو کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

سروے کے مطابق ملک اور دنیا میں صحافیوں پر بڑھتے ہوئے حملوں کی وجہ سے اظہار رائے کی آزادی پر خطرہ بڑھ رہا ہے۔ میڈیا گھرانوں اور اخبارات کے شعبے میں موثر ریگولیشن نہیں ہونے کی وجہ سے مشکلات میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔


غیر سرکاری تنظیم دی ویزن فاونڈیشن اور ملک کے صحافیوں کی اہم تنظیم نیشنل یونین آف جرنلسٹس (انڈیا) نے صحافیوں کی سلامتی اور میڈیا گروپوں کے لئے سیکورٹی انتظامات پر ایک مطالعہ اور سروے تیار کا ہے جس سے صحافیوں پر حملوں کے علاوہ زیادتی کے واقعات پر غور کیا جاسکے اور وقت رہتے اس مسئلے کا موثر حل تلاش کیا جاسکے۔ ملک بھر کے صحافیوں کے درمیان یہ سروے تین نومبر سے 14نومبر کے درمیان کیا گیا۔

سروے میں تقریباً 823صحافیوں نے حصہ لیا جس میں 21فیصد خواتین شامل ہیں۔سروے میں 266میڈیا اہلکار پرنٹ میڈیا ’اخبارات‘ میگزین ’263 آن لائن میڈیا اور 98ٹی وی سے وابستہ تھے۔ ملک میں 2019کے دوران چار صحافیوں کا قتل کردیا گیا۔ اس سے پہلے 2018میں ملک میں پانچ صحافیوں کو ان کے کام کی وجہ سے یا کام کے دوران ہلاک کردیا گیا۔ سروے میں شامل میڈیا اہلکاروں کا تجزیہ تھا کہ سیاسی حالات اور خیالات میں اختلاف کی وجہ سے صحافیوں کو ذہنی‘ جسمانی اور جذباتی زیادتی کا شکار ہونا پڑتا ہے۔ خیال رہے کہ ایک رپورٹ کے مطابق پوری دنیا میں صحافیوں کے خلاف تشدد کے معاملے میں سال2008سے 2018 کا وقت سب سے خراب رہا۔ صحافیوں کو ان کے کام کی وجہ سے حملوں کا شکار ہونا پڑا۔


سروے میں شامل ہونے والے تقریباً74فیصد صحافیوں کا کہنا ہے کہ ان کے میڈیا ادارہ میں خبروں کی اشاعت کے لئے سب سے زیادہ اہم معیار اس کی صداقت ہے۔ تیرہ فیصد صحافیوں کا کہنا ہے کہ ادارہ کی ترجیح خصوصی خبروں کی اشاعت ہے۔ تقریباً 33فیصد صحافیوں کا ماننا ہے کہ اکیسویں صدی میں صحافت کے سامنے سب سے بڑا چیلنج اظہار رائے کی آزادی پر بڑھتے ہوئے حملے ہیں۔ جب کہ تقریباً 21فیصد صحافیوں کا ماننا ہے کہ فرضی اور پیڈ نیوز آنے والے وقت کا سب سے بڑا چیلنج بنیں گے۔

تقریباً 18فیصد صحافیوں کا کہنا ہے کہ نیوز ویب سائٹ کی تعداد میں بے پناہ اضافہ سے مین اسٹریم کے اخبار اور میڈیا سے توقعات بڑھ رہے ہیں۔ لوگوں کا خبروں پر بھروسہ کم ہوا ہے۔ یہ صحافت کی معتبریت پر بحران کا دور ہے۔


کسی طرح کی دھمکی یا زیادتی کا شکار تقریباً 44 فیصد صحافیوں نے بتایا کہ اس طرح کے معاملے میں انہوں نے اس کی شکایت اپنے میڈیا ادارے کے افسران سے کی جب کہ صرف 12 فیصد صحافیوں نے اس طرح کی دھمکی کی اطلاع پولیس یا قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کودی۔ سروے میں شامل تقریباً 61 فیصد صحافیوں کو کبھی نہ کبھی حملے یا دھمکی کا سامنا کرنا پڑا ہے جب کہ 76فیصد صحافیوں کے میڈیا اداروں میں سلامتی سے متعلق نظم نہیں ہے۔یا انہیں اس طرح کی سلامتی پر عمل یا پروٹوکول کے سلسلے میں کوئی علم نہیں ہے۔

رپورٹ تیار کرنے او رسروے کرنے والے صحافی امیش سنگھ نے بتایا کہ بڑے شہروں او ربڑے اخبارات کے صحافیوں پر حملے یادھمکی کے واقعات کی خبریں اکثر میڈیا کی سرخیاں نہیں بن پاتی ہیں۔ مین اسٹریم کا میڈیا علاقائی یا غیر انگریزی اخبارات کو نظر انداز کرتا ہے۔ جس سے یہ بحث کا موضوع نہیں بن پاتا ہے۔ یہ بہت خراب صورت حال ہے۔ حکومت کو فوراً ایک موثر ریگولیٹری بنانے اور اقو ام متحدہ کے منصوبہ عمل کو نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔