خاشقجی کی ہلاکت پر سعودی وضاحت ناکافی: میرکل

جرمن چانسلر انجیلا میرکل نے استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے میں سعودی صحافی جمال خاشقجی کی ہلاکت کی مذمت کی ہے۔ میرکل کے مطابق خاشقجی کی ہلاکت کے بارے میں جو وضاحتیں اب تک دی گئی ہیں وہ ناکافی ہیں۔

تصویر ڈی ڈبلیو ڈی
تصویر ڈی ڈبلیو ڈی
user

ڈی. ڈبلیو

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جرمن چانسلر انجیلا میرکل اور جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس کی طرف سے گزشتہ روز جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں کہا، ’’ہم سخت ترین الفاظ میں اس عمل کی مذمت کرتے ہیں۔‘‘ اس بیان میں مزید کہا گیا، ’’اس ہلاکت کی وجوہات کے بارے میں ہم سعودی عرب سے شفافیت کی توقع کرتے ہیں، استنبول میں پیش آنے والے واقعات کے بارے میں دستیاب معلومات نا کافی ہیں۔‘‘

جرمن چانسلر انجیلا میرکل اور جرمن وفاقی وزیر خارجہ ہائیکو ماس کی طرف سے جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں سعودی صحافی جمال خاشقجی کے دوستوں اور اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ خاشقجی کے قتل کے ذمہ دار افراد کو لازمی طور پر انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔

خیال رہے کہ سعودی حکومت کے ناقد سعودی صحافی جمال خاشقجی 2 اکتوبر کو استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے جانے کے بعد سے لاپتہ تھے۔ ترک حکام کا دعویٰ تھا کہ خاشقجی کو سعودی قونصل خانے میں ہی قتل کر کے ان کی لاش ٹھکانے لگا دی گئی ہے۔

عالمی برادری کی طرف سے شدید دباؤ کے بعد ترک اور سعودی مشترکہ تحقیقات کے بعد سعودی عرب نے تسلیم کر لیا کہ صحافی جمال خاشقجی استنبول میں سعودی قونصل خانے میں ہی مارے گئے۔

سعودی میڈیا نے ابتدائی چھان بین کے نتائج کے بعد تصدیق کی کہ خاشقجی دراصل قونصل خانے میں ہونے والی ایک ہاتھا پائی میں ہلاک ہوئے۔ بتایا گیا ہے کہ اس واقعے کے بعد سعودی حکومت نے 18 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا اور دو اہم اہلکاروں کو برطرف بھی کر دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 21 Oct 2018, 6:14 AM