عدالتوں کو خاشقجی کیس کی سماعت میں مکمل آزادی ہوگی: سعودی وزیر

تمام ضروری ضابطے مکمل ہونے کے بعد سعودی عدالتوں میں خاشقجی قتل کیس کا مقدمہ چلایا جائے گا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

سعودی عرب کے وزیر انصاف اور سپریم جوڈیشل کونسل کے چیئرمین شیخ ڈاکٹر ولید بن محمد الصمعانی سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کا واقعہ مملکت کے خود مختار علاقے (استنبول میں سعودی قونصل خانے) میں رونما ہوا ہے۔ تمام قواعد وضوابط کی تکمیل کے بعد اس کا مقدمہ سعودی عدالتوں میں چلایا جائے گا اور عدالتوں کو اس کی سماعت میں مکمل آزادی اور خود مختاری حاصل ہوگی۔

یہ بات سعودی عرب کے وزیر انصاف اور سپریم جوڈیشل کونسل کے چیئرمین شیخ ڈاکٹر ولید بن محمد الصمعانی نے ایک بیان میں کہی ہے۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق انھوں نے یہ بات زور دے کر کہی ہے کہ عدالتوں کو جمال خاشقجی کے کیس کی سماعت میں مکمل آزادی ہوگی۔ تمام ضروری ضابطوں کی تکمیل کے بعد اس کی سماعت کا آغاز کیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ جمال خاشقجی کی المناک موت کے بعد شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے جاری کردہ فرامین اور فیصلے ریاست کی حکمت عملی کا تسلسل ہیں۔ انھوں نے کہا ’’سعود ی شہری کی حیثیت سے ہمیں فخر ہے اور اپنے عوام پر بھی فخر ہے جنھوں نے مادر وطن اور اس کے شہریوں کے تحفظ کے لیے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا ہے‘‘۔

انھوں نے واضح کیا کہ سعودی عرب میں عدلیہ کا ادارہ اسلامی قانون کے اصولوں اور عدل و اقدار کی بنیاد پر قائم کیا گیا تھا اور مملکت سعودی عرب بھی انہیں اصولوں، اقدار اور شریعت کے تقاضوں کے نفاذ کو ملحوظ رکھ کر قائم کی گئی تھی۔

سعودی وزیرِ عدل نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان عدلیہ کے ادارے کے کسی بھی ایسے فرد کے مقابلے میں حامی ہیں جو اس ملک اور اس کے شہریوں کے حقوق کو پامال کرنے کے درپے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب انصا ف کے معاملے میں پُرعزم ہے اور اس کو میڈیا کے ذرائع سے جارحانہ کردار کا مظاہرہ کرنے والوں کے ذریعے عدم استحکام کا شکار نہیں کیا جاسکتا کیونکہ ایسے لوگ پیشہ واریت کے حامل ہیں اور نہ ان کی کوئی ساکھ ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے اب تک 18 مشتبہ سعودی شہروں کو خاشقجی قتل کیس میں ملوث ہونے کےا لزام میں حراست میں لیا ہے، ان پر خاشقجی کی موت کو چھپانے کا الزام ہے۔

سعودی پریس ایجنسی نے ایک سرکاری ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ سعودی عرب خاشقجی قتل کیس کے سلسلے میں سچائی کو منظرعام پر لانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کررہا ہے اور اس واقعے میں ملوّث تمام افراد کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔

(بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔