اسرائیل اور یو اے ای کے سفارت کاروں کی پہلی کھلے عام ملاقات

دونوں ملکوں میں تاریخی امن معاہدے کے اعلان کے بعد 18 اگست کو پہلا براہ راست رابطہ ہوا تھا اس کے بعد 31 اگست کو تل ابیب سے ایک براہِ راست پرواز امریکی ،اسرائیلی وفد کو لے کر ابو ظبی پہنچی تھی۔

تصویر سوشل میڈیا ٹویٹر بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ 
تصویر سوشل میڈیا ٹویٹر بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ
user

قومی آوازبیورو

اسرائیل اور متحدہ عرب امارات میں باقائدہ تعلقات کے بعد ویسے تو ان دونوں ممالک کے سفارت کار اور عوام ملاقات کہیں بھی اور کیسے بھی کر سکتے ہیں لیکن دونوں ممالک کے سفارت کاروں کی پہلی ملاقات نائیجیریا میں ہوئی۔ نائیجیریا میں متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے متعیّن سفارتی ایلچیوں نے اتوار کے روز سرعام ملاقات کی ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان گزشتہ ماہ امن معاہدہ طے پانے کے بعد براعظم افریقا میں ان کے سفیر پہلی مرتبہ اس طرح کھلے عام ملے ہیں اور انھوں نے دوطرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

اسرائیلی حکومت کی طرف سے سوشل میڈیا پر جاری کردہ ویڈیوز اور تصاویر کے مطابق نائیجیریا میں متعیّن اسرائیلی سفیر شمعون بن شوشان نے اسی ملک میں تعینات یو اے ای کے سفارت خانے کے ناظم الامور خلیفہ المہریزی کا عربی زبان میں خیرمقدم کیا ہے اور اسلامی کلمات ’’السلام علیکم‘‘ (تم پر سلامتی ہو) ادا کیے ہیں۔


وہ ایک دفتر میں صوفہ کی نشستوں پر بیٹھے تبادلہ خیال کررہے ہیں اور ان کے نزدیک میز پر اماراتی اور اسرائیلی پرچم پڑے نظر آرہے ہیں۔

دونوں ملکوں میں تاریخی امن معاہدے کے اعلان کے بعد 18 اگست کو پہلا براہ راست رابطہ ہوا تھا۔ تب اسرائیل کی بیرون ملک کارروائیوں کی ذمے دار خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ یوسی کوہن نے متحدہ عرب امارات کے مشیر برائے قومی سلامتی شیخ تہنون بن زاید آل نہیان سے ابو ظبی میں ملاقات کی تھی۔ انھوں نے دونوں ملکوں کے درمیان سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا تھا۔


اس کے بعد 31 اگست کو تل ابیب سے ایک براہِ راست پرواز امریکی ،اسرائیلی وفد کو لے کر ابو ظبی پہنچی تھی۔اس اسرائیلی طیارے نے تل ابیب کے بن گورین ہوائی اڈے سے اڑان بھری تھی اور یہ سعودی عرب کی فضاؤں میں پرواز کرتا ہوا ابو ظبی کے ہوائی اڈے پر اترا تھا۔

دونوں ملکوں کے درمیان 13 اگست کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تاریخی امن معاہدے کا اعلان کیا تھا۔توقع ہے کہ اس پر آیندہ دو ہفتوں کے دوران میں کسی وقت واشنگٹن میں اسرائیل اور یو اے ای کے ارباب اقتدار دست خط کریں گے۔ (بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔