آسٹریلیا کے جنگلوں میں آگ، نئے سال کی آتش بازی پروگرام منسوخ

گپس لینڈ علاقے سے پیر کو صبح نو بجے سے پہلے 30000 سے زائد لوگوں کو محفوظ مقامات پر جانے کے لئے کہا گیا ہے۔ درجہ حرارت میں اضافہ اور تیز ہواؤں کی وجہ سے آگ کی شدید لپٹیں پھیلنے کا خدشہ ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

کینبرا: آسٹریلیا میں جنگلوں کی آگ کی وجہ سے دارالحکومت کینبرا میں نئے سال کے موقع پر آتش بازی کا پروگرام منسوخ کر دیا گیا ہے۔ آسٹریلوی دارالحکومت خطہ (اےسی ٹی) نے بدھ تک آگ پر مکمل طور کنٹرول کر لینے کا اعلان کیا ہے لیکن اس سے پہلے پیر اور منگل کو درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا اندازہ ہے۔ اے سی ٹی نے نئے سال کا جشن منانے کے لئے منگل کی رات نو بجے اور 12 بجے کینبرا میں آتشبازی کا پروگرام بنایا تھا لیکن اے سی ٹی ایمرجنسی سروس ایجنسی کی کمشنر جارجینا وهیلن کی جانب سے ایسا نہ کرنے کے لئے مشورہ دیئے جانے کے بعد اتوار کی شام کو دونوں آتشبازی پروگرام منسوخ کر دیئے گئے ہیں۔

وهیلن نے گزشتہ روز اتوار کو صحافیوں کو بتایا ’’یہ ہمارے لئے سمجھداری بھرا فیصلہ ہوگا کہ ہم اےسی ٹی میں آتشبازی نہ کریں‘‘۔


ہزاروں لوگ آتشبازی دیکھنے کے لئے کینبرا کے مرکزی تجارتی ضلع (سی بی ڈی) میں پہنچنے کی توقع تھی لیکن وهیلن نے کہا کہ اس میں بہت بڑا خطرہ تھا۔ ایونٹ اے سی ٹی نے بتایا کہ سی بی ڈی کے ارد گرد آتش بازی کے علاوہ لائیو موسیقی سمیت دیگر پروگراموں کو بھی خراب موسم اور ہوا کے خراب معیار کی وجہ سے منسوخ کیا جا سکتا ہے۔

ایونٹس اے سی ٹی کے جو ورڈن نے ایک بیان میں کہا کہ وہ اے سی ٹی موسم کے حالات اور دھند کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں تاکہ یہ طے ہو سکے کہ دیگر پروگرام اور لائیو موسیقی وغیرہ کا اہتمام کیا جا سکے گا یا نہیں۔


غور طلب ہے کہ آسٹریلیا میں گزشتہ 10 دن میں جنگلوں میں لگی آگ نے شدت اختیار کر لی ہے۔ اس آگ کی وجہ سے کم از کم دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور بڑی تعداد میں لوگوں کو اپنا گھربار چھوڑنا پڑا ہے۔ آگ کی شدت کی وجہ سے مشرقی گپس لینڈ علاقے سے پیر کو مقامی وقت کے مطابق صبح نو بجے سے پہلے 30000 سے زائد لوگوں کو محفوظ مقامات پر جانے کے لئے کہا گیا ہے۔ درجہ حرارت میں اضافہ اور تیز ہواؤں کی وجہ سے آگ کی شدید لپٹیں پھیلنے کا خدشہ ہے جو پہلے ہی 130000 ہیکٹر جنگل کو جلا کر راکھ کر چکی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔