برازیل: کورونا کی نئی شکل نے مچائی تباہی، ایک دن میں 2 ہزار سے زائد افراد ہلاک

حکومت نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے معاملوں کی بڑھتی تعداد کے ساتھ اموات کے معاملوں میں بھی اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

برازیل میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا وائرس کا قہر دیکھنے کو ملا ہے۔ اس دوران ملک میں 2286 لوگوں کی موت ہونے کی اطلاع موصول ہو رہی ہے جس سے ملک میں مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 2 لاکھ 70 ہزار 656 ہو گئی ہے۔ علاوہ ازیں ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تقریباً 80 ہزار کورونا انفیکشن کے نئے کیس ملے ہیں۔ اس کی جانکاری برازیل کی وزارت صحت نے دی۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق برازیل میں کورونا کے نئے ویریئنٹ یعنی وائرس کی نئی شکل نے حالات کو سنگین بنا دیا ہے۔ برازیل کی وزارت نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کے معاملوں کی روز بڑھتی تعداد کے ساتھ اموات کے معاملوں میں بھی اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے کیونکہ جنوبی امریکی ملک میں جمعرات کو کورونا سے روزانہ مرنے والوں کی تعداد 1972 سے زیادہ تھی، جو اب تک کا سب سے زیادہ ہے۔ اس درمیان ریو گرانڈے ڈو سل اور باہیا کی ریاستوں نے مورچری خدمات کی اعلیٰ طلب کے سبب موبائل کولڈ اسٹوریج یونٹوں کی تعداد بڑھانے کی گزارش کی ہے۔


قابل ذکر ہے کہ برازیل میں کورونا کی نئی شکل پائے جانے کے بعد انفیکشن کو روکنے کے لیے کئی ریاستوں میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ اس درمیان ملک میں کورونا ٹیکہ کاری بھی جاری ہے۔ برازیل حکومت کے مطابق اب تک 87 لاکھ سے زائد لوگوں کو پہلی خوراک مل گئی ہے۔ علاوہ ازیں 29 لاکھ سے زائد لوگوں نے ویکسین کی دوسری خوراک بھی لے لی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔