دنیا میں کورونا سے 4.98 لاکھ افراد کی ہوئی موت، 99.53 لاکھ متاثر

ہندوستان میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 19906 کورونا انفیکشن کے نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں اور اب متاثرین کی کل تعداد 528859 ہوگئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

بیجنگ / جنیوا / نئی دہلی: مہلک کورونا وائرس (کووڈ۔19) کا قہر بڑھتا ہی جا رہا ہے اور اب تک یہ دنیا بھر میں 9953038 افراد کو متاثر کرچکا ہے اور 498153 لاکھ سے زیادہ افراد کو ہلاک کرچکا ہے۔ کووڈ ۔19 کے معاملے میں امریکہ دنیا بھر میں پہلے، برازیل دوسرے اور روس تیسرے نمبر پر ہے۔ دوسری طرف اس وبا کی وجہ سے تعداد اموات کے لحاظ سے امریکہ پہلے، برازیل دوسرے اور برطانیہ تیسرے نمبر پر ہے۔

ہندوستان میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 19906 کورونا انفیکشن کے نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں اور اب متاثرین کی کل تعداد 528859 ہوگئی ہے۔ اسی مدت کے دوران کورونا وائرس کی وجہ سے 410 افراد کی موت کے ساتھ ہلاکتوں کی تعداد 16095 ہوگئی ہے۔ ملک میں اس وقت کورونا کے 203051 فعال معاملے ہیں اور اب تک 309713 افراد اس وبا سے نجات حاصل کرچکے ہیں۔ انفیکشن کے معاملے میں ہندوستان دنیا کے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے۔

امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر فار سائنس اینڈ انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق دنیا کی سپر پاور سمجھے جانے والے امریکہ میں کورونا سے 2079730 افراد متاثر ہوئے ہیں اوریہاں تعداد اموات 125511 ہے۔ برازیل میں اب تک 1313667 افراد کو کورونا نے اپنی زد میں لیا ہے، جبکہ 57070 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ روس میں بھی کووڈ 19 کی وبا پھیل رہی ہے اوریہاں 626779 افراد اس کا شکار ہوچکے ہیں اور اس کی وجہ سے اب تک 8958 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ اس انفیکشن کی وجہ سے برطانیہ میں صورتحال مزید خراب ہوتی جارہی ہے۔ اب تک 311727 افراد اس وبا سے متاثر اور 43598 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

پیرو اور چلی انفیکشن کے معاملے میں دنیا میں بالترتیب چھٹے اور ساتویں نمبر پر ہیں۔ پیرو میں متاثرہ افراد کی تعداد 275989 اور مرنے والوں کی تعداد 9135 ہوگئی ہے۔ چلی میں اب تک 267766 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں اور مرنے والوں کی تعداد 5347 ہے۔ آٹھویں نمبر پر پہنچنے والے اسپین میں اب تک 248469 افراد انفیکٹیڈ ہوچکے ہیں، جبکہ 28341 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ یوروپی ملک اٹلی میں اس وبا نے کافی تباہی مچائی ہے۔ اب تک 240136 افراد کووڈ ۔19 سے متاثر ہوئے ہیں اور 34716 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

خلیجی ملک ایران میں جو کورونا وائرس سے شدید متاثر ہے، متاثرہ افراد کی تعداد 220180 تک پہنچ چکی ہے اور 10364 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ میکسیکو نے کورونا انفیکشن کے معاملے میں فرانس کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 212802 تک جا پہنچی ہے اور اب تک اس وائرس کی وجہ سے 26381 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ یوروپی ملک فرانس میں کورونا وائرس کی وجہ سے صورتحال کافی خراب ہے۔ فرانس میں اب تک 199473 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 29781 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

ہمسایہ ملک پاکستان میں اب تک 198883 افراد کورونا وائرس کی زد میں آئے ہیں اور 4035 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ ترکی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 195883 پوگئی ہے اور 5082 افراد دنیا کو الوداع کہہ چکے ہیں۔ کورونا وائرس نے جرمنی میں 194458 افراد کو متاثر کیا اور 8968 افراد کو ہلاک کیا۔ دنیا میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے اہم مرکز چین میں اب تک 84742 افراد اس سے متاثر ہوچکے ہیں اور یہاں اس کی زد میں آکر 4641 افراد کی اموات ہوئی ہیں۔ کورونا وائرس سے بیلجیئم میں 9732، کناڈا میں 8576، نیدرلینڈ میں 6124، سویڈن میں 5280، ایکواڈور میں 4424، سوئٹزرلینڈ میں 1962، آئرلینڈ میں 1734 اور پرتگال میں 1561 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔