سینیگال کے ساحل کے قریب تارکین وطن کی کشتی ڈوبی، کم از کم 34 افراد ہلاک
سینیگال کے ساحل کے قریب تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے کم از کم 34 افراد ہلاک ہو گئے۔ حادثے میں ایک شخص کو بچا لیا گیا، جبکہ دیگر لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں

مغربی افریقی ملک سینیگال کے ساحل کے قریب تارکین وطن کو لے جانے والی ایک کشتی ڈوبنے سے کم از کم 34 افراد ہلاک ہو گئے۔ کشتی اسپین کے کینری جزائر کی جانب جا رہی تھی۔ حادثے کے بعد امدادی اور بچاؤ کی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ کئی افراد کے لاپتہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
سینیگال کی پریس ایجنسی (اے پی ایس) نے ایک سرکاری ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ یہ حادثہ ملک کے دارالحکومت ڈاکار اور شمالی شہر سینٹ لوئس کے درمیان پیش آیا۔ لکڑی سے بنی چھوٹی کشتی میں بڑی تعداد میں تارکین وطن سوار تھے، جو بہتر مستقبل کی تلاش میں خطرناک سمندری راستے سے اسپین پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے۔
سینیگال کی وزارت داخلہ کے مطابق حادثے میں اب تک صرف ایک شخص کو زندہ بچایا جا سکا ہے۔ تاہم، کشتی میں سوار افراد کی اصل تعداد اور لاپتہ ہونے والوں کے بارے میں ابھی تک واضح معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔ حکام کے مطابق امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور حادثے سے متعلق مزید تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔
تارکین وطن کی حقوق کے لیے کام کرنے والی اسپین کی تنظیم ’واکنگ بارڈرز‘ کے مطابق، جنوری سے مئی 2026 کے درمیان بحر اوقیانوس کے اس سمندری راستے پر کینری جزائر پہنچنے کی کوشش کے دوران 635 افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ تنظیم کے زیر نگرانی سمندری راستوں میں یہ سب سے زیادہ ہلاکتوں والا راستہ ہے۔
سینیگال کے تارکین وطن کی مدد کرنے والی تنظیم ’بوزا فی‘ کے بانی سالیو دیوف نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ اب تک برآمد ہونے والی تمام لاشیں سینیگال کے شہریوں کی ہیں۔ تاہم، کشتی میں سوار دیگر افراد کی قومیت کے بارے میں ابھی معلومات حاصل نہیں ہو سکی ہیں۔
اس حادثے نے ایک بار پھر مغربی افریقہ سے یورپ پہنچنے کی کوشش کرنے والے تارکین وطن کو درپیش خطرات کو نمایاں کر دیا ہے۔ بہتر روزگار، معاشی مشکلات اور محفوظ مستقبل کی تلاش میں بڑی تعداد میں لوگ بحر اوقیانوس کے خطرناک راستے کا انتخاب کرتے ہیں۔
کینری جزائر تک پہنچنے کا یہ سمندری راستہ انتہائی خطرناک سمجھا جاتا ہے، جہاں خراب موسم، بلند لہروں اور کشتیوں کی خستہ حالی کے باعث اکثر جان لیوا حادثات پیش آتے ہیں۔ سینیگال کے صدر باسرو دیومائے فائے نے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ملک کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر محفوظ سمندری راستوں کے ذریعے اپنی جانوں کو خطرے میں نہ ڈالیں۔
صدر نے اس سانحے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں کو خبردار کیا کہ یورپ پہنچنے کی کوشش میں ایسے خطرناک سفر کا انتخاب ان کی زندگیوں کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
