عراق: بغداد کے وسط میں دُہرا خودکش حملہ، 35 افراد جان بحق، 73 زخمی

عراق میں جمعرات کے روز بغداد کے وسطی علاقے الطیران اسکوائر پر ایک عوامی بازار میں دُہرے خود کش بم دھماکے ہوئے، جن میں کم از کم 35 افراد جاں بحق اور 73 زخمی ہو گئے

تصویر بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ
تصویر بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ
user

قومی آوازبیورو

بغداد: عراق میں جمعرات کے روز بغداد کے وسطی علاقے الطیران اسکوائر پر ایک عوامی بازار میں دُہرے خود کش بم دھماکے ہوئے۔ العربیہ لے نمائندے نے بتایا کہ دھماکے ایسے قت میں ہوئے جب غالبا علاقے میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے۔ واضح رہے کہ عراقی دارالحکومت میں ایک ہفتے سے سخت حفاظتی انتظامات اور سیکورٹی الرٹ دیکھی جا رہی ہے۔

بعد ازاں عراقی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف کے ترجمان میجر جنرل یحیی رسول عبداللہ نے بتایا کہ بغداد کے علاقے الباب الشرقی میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے تعاقب کے دوران دو خود کش بم باروں نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ ترجمان کے مطابق دھماکوں میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکوں میں کم از کم 35 افراد جاں بحق اور 73 زخمی ہو گئے۔ بعض زخمیوں کی حالت نازک ہے جس کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا اندیشہ ہے۔ دھماکوں کے بعد عراقی دارالحکومت میں مزید سیکورٹی دستوں کو تعینات کر دیا گیا اور گرین زون آنے والے تمام راستوں کی ناکہ بندی کر دی گئی۔

یاد رہے کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں نے جنوری کے آغاز پر ایک سیکورٹی آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کا مقصد دارالحکومت بغداد میں غیر قانونی ہتھیاروں کو ضبط کرنا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔