کولمبیا میں 7.4 شدت کا زلزلہ، کم از کم 20 افراد ہلاک، درجنوں عمارتیں منہدم
کولمبیا میں 7.4 شدت کے طاقتور زلزلے سے کم از کم 20 افراد ہلاک اور درجنوں عمارتیں منہدم ہو گئیں۔ پیریرا، کیلی اور کوئبدو سمیت کئی شہروں میں تباہی، پڑوسی ایکواڈور تک جھٹکے محسوس کیے گئے

کولمبیا کے مغربی علاقوں میں پیر کو 7.4 شدت کے طاقتور زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔ زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ متعدد عمارتیں منہدم ہونے سے کئی افراد ملبے تلے پھنس گئے۔ زلزلے کے شدید جھٹکے راجدھانی بوگوٹا سمیت ملک کے کئی شہروں میں محسوس کیے گئے، جس کے بعد بڑی تعداد میں لوگ گھبرا کر اپنے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) اور کولمبیا کے متعلقہ اداروں کے مطابق زلزلے کا مرکز چوکوں کے علاقے میں واقع سان ہوزے ڈیل پالمر کے قریب تھا، جو راجدھانی بوگوٹا سے تقریباً 400 کلومیٹر مغرب میں واقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق، زلزلہ زمین سے تقریباً 107 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔ اس کے جھٹکے پڑوسی ملک ایکواڈور تک بھی محسوس کیے گئے۔ مغربی شہر پیریرا میں سب سے زیادہ جانی نقصان کی اطلاع ہے۔ شہر کے میئر موریسیو سالازار کے مطابق زلزلے میں کم از کم 18 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ تقریباً 20 عمارتیں منہدم ہوگئیں۔ انہوں نے صورتحال کو انتہائی سنگین قرار دیتے ہوئے کہا کہ امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں کارروائی کر رہی ہیں۔
چوکوں کے صوبے کی گورنر نوبیا کارولینا کورڈوبا نے بتایا کہ علاقائی راجدھانی کوئبدو میں کئی افراد زخمی ہوئے ہیں اور عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیوز میں پیریرا، کیلی اور کوئبدو میں گھروں اور چھوٹی عمارتوں کو منہدم ہوتے دیکھا گیا۔
کیلی میں بھی زلزلے نے بڑے پیمانے پر خوف و ہراس پیدا کیا۔ شہر کے میئر الیخاندرو ایڈر کے مطابق کم از کم 19 منہدم عمارتوں میں لوگ پھنسے ہوئے تھے۔ امدادی کارروائیاں جاری رہیں اور شہریوں کو ممکنہ آفٹر شاکس کے پیش نظر احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی۔
منیزالس شہر میں تاریخی نو گوتھک کیتھیڈرل کا ایک ٹاور بھی زلزلے کے جھٹکوں کی شدت برداشت نہ کرسکا اور منہدم ہوکر مرکزی عبادت گاہ پر جاگرا۔ کئی دیگر علاقوں میں بھی عمارتوں اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ زلزلے کے جھٹکے بوگوٹا تک محسوس کیے گئے، جہاں متعدد عمارتوں سے لوگ احتیاطاً باہر نکل آئے۔ حکام نے متاثرہ علاقوں میں نقصان کا جائزہ لینے اور ملبے تلے پھنسے افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں تیز کردی ہیں۔
کولمبیا میں وسطی اور مغربی علاقوں میں چھوٹے زلزلے عام ہیں، تاہم 6 یا اس سے زیادہ شدت کے زلزلے نسبتاً کم دیکھنے میں آتے ہیں۔ 1999 میں آرمینیا شہر کے قریب 6.2 شدت کے زلزلے میں 1,100 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔
کولمبیا کے نو منتخب صدر ابیلاردو دے لا اسپریئیا نے زلزلے کے بعد ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے حکومتی کارروائی کی ذاتی طور پر نگرانی شروع کردی۔ انہوں نے متاثرہ لوگوں کو یقین دلایا کہ حکومت ان کے ساتھ ہے اور امدادی اقدامات جاری رکھے گی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
