دہلی-این سی آر میں سوائن فلو کے بڑھتے کیسز پر تشویش، میڈیکل ایسوسی ایشن نے جاری کی ایڈوائزری

دہلی-این سی آر میں ایچ1این1 کے بڑھتے کیسز پر ڈی ایم اے نے ایڈوائزری جاری کی ہے۔ لوگوں کو ماسک، ہاتھوں کی صفائی، بھیڑ سے گریز اور علامات ظاہر ہونے پر بروقت ڈاکٹر سے رجوع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے

سوائن فلو
i

نئی دہلی: دہلی اور این سی آر میں ایچ1این1 یعنی سوائن فلو کے بڑھتے معاملات کے پیش نظر دہلی میڈیکل ایسوسی ایشن (ڈی ایم اے) نے لوگوں کو محتاط رہنے اور انفیکشن سے بچاؤ کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں مانسون کے دوران ایچ1این1 کے معاملات میں موسمی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن (آئی ایم اے) کی طبی ایڈوائزری کے مطابق ہندوستانی طبی تحقیق کونسل (آئی سی ایم آر) کی نگرانی میں فی الحال پھیل رہا وائرس عام موسمی ایچ1این1 ہی ہے اور اس میں کسی نئے جینیاتی تغیر کی نشاندہی نہیں ہوئی ہے۔ زیادہ تر مریضوں میں انفیکشن کی شدت معمولی رہتی ہے اور وہ مناسب علاج کے بعد صحت یاب ہو جاتے ہیں۔

ڈی ایم اے کے مطابق این سی آر میں اب تک 2000 سے زیادہ معاملات سامنے آنے کی اطلاعات ہیں، جبکہ آئی ایم اے کی ایڈوائزری میں دہلی میں 1770 معاملات کا ذکر کیا گیا ہے۔ مہاراشٹر، کرناٹک اور مغربی بنگال میں بھی ایچ1این1کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں

طبی ماہرین کے مطابق ایچ1این1 کے عام علامات میں تیز بخار، سردی لگنا، خشک کھانسی، گلے میں درد، جسم میں شدید درد، تھکن، سر درد اور ناک بند ہونا شامل ہیں۔ بچوں میں بعض اوقات قے اور دست بھی ہو سکتے ہیں۔ ماہرین نے کہا ہے کہ فلو ایک وائرل بیماری ہے، اس لیے ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر اینٹی بایوٹک یا اینٹی وائرل ادویات استعمال نہیں کرنی چاہئیں۔


ڈی ایم اے نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ کھانستے یا چھینکتے وقت منہ اور ناک کو رومال یا ٹشو سے ڈھانپیں، بار بار صابن اور پانی سے ہاتھ دھوئیں یا الکحل پر مبنی ہینڈ سینیٹائزر استعمال کریں۔ بغیر دھلے ہاتھوں سے آنکھوں، ناک اور منہ کو چھونے سے گریز کریں اور فلو کے پھیلاؤ کے دوران بھیڑ والی جگہوں پر جانے سے بچیں۔

ایسوسی ایشن نے ایچ1این1 یا فلو جیسی علامات رکھنے والے افراد سے مناسب فاصلہ رکھنے، مناسب آرام کرنے، پوری نیند لینے، وافر مقدار میں سیال پینے اور غذائیت سے بھرپور خوراک لینے کی بھی ہدایت دی ہے۔ فلو کی علامات ظاہر ہونے پر دوسروں سے میل جول کم رکھنے اور انفیکشن پھیلنے سے روکنے کے لیے این 95 ماسک استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

ڈی ایم اے نے کہا کہ جن افراد میں فلو جیسی علامات ہوں انہیں خود سے دوا لینے کے بجائے مستند ڈاکٹر سے مشورہ کرنا چاہیے۔ سانس لینے میں دشواری، سینے میں درد، خون والی کھانسی، بے ہوشی یا مسلسل قے جیسی سنگین علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر اسپتال پہنچنا چاہیے۔

ایسوسی ایشن نے صحت مراکز اور اسپتالوں میں بھی احتیاطی اقدامات پر زور دیا ہے۔ اس کے مطابق دہلی حکومت نے موسمی اضافے سے نمٹنے کے لیے اسپتالوں میں مناسب بستروں، ڈاکٹروں، ادویات اور ضروری طبی آلات کی دستیابی یقینی بنانے کے اقدامات کیے ہیں۔ انفلوئنزا جیسی بیماری اور شدید سانس کے انفیکشن کے معاملات کی اسکریننگ، رپورٹنگ اور نگرانی کے لیے متعلقہ حکام اور اسپتالوں کو ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔