عبدالقیوم انصاری
1 جولائی 1905 – 18 جنوری 1973

عبدالقیوم انصاری کی پیدائش بہار کے ڈہری آن سون میں ہوئی۔ ابتدائی تعلیم سہسرام اور ڈہری آن سون ہائی اسکول سے حاصل کرنے کے بعد آگے کی تعلیم انھوں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، کلکتہ یونیورسٹی اور الہ آباد یونیورسٹی سے حاصل کی۔ چونکہ وہ ہندوستان کی تحریک آزادی میں سرگرم کردار ادا کر رہے تھے اس لیے حصول تعلیم میں رخنہ بھی پیدا ہوا۔ عبدالقیوم انصاری قومی اتحاد، سیکولرزم اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے زبردست پیروکار تھے۔ وہ ایسے لیڈروں میں شامل تھے جنھوں نے مسلم لیگ کے علیحدہ مسلم ملک کے قیام سے متعلق نظریہ کی سخت مخالفت کی۔ عبدالقیوم بچپن سے ہی انگریز حکومت مخالف تحریکوں میں سرگرم رہے۔ یہی سبب ہے کہ محض 16 سال کی عمر میں انھیں جیل جانا پڑا۔ دراصل وہ انگریز حکومت کے ذریعہ چلائے جا رہے اسکول میں تعلیم حاصل کر رہے تھے جس سے انھوں نے علیحدگی اختیار کی اور خود نیشنل اسکول قائم کر ڈالا۔ اس میں وہ بچے تعلیم حاصل کرنے لگے جو تحریک عدم تعاون کا حصہ تھے۔ برطانوی حکومت کو یہ ناگوار گزرا اور عبدالقیوم کی گرفتاری کا فرمان سنا دیا۔ لیکن اس سے ان کا حوصلہ پست نہیں ہوا۔ وہ آگے بھی حکومت مخالف سرگرمیوں میں پیش پیش رہے۔ ساتھ ہی انھوں نے اقلیتی طبقہ کے فلاح و بہبود اور تعلیمی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے بھی اپنی جدوجہد جاری رکھی۔ ان کا انتقال 18 جنوری 1973 کو ہوا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 14 Aug 2017, 1:16 PM