مولانا شوکت علی
10 مارچ 1873 – 26 نومبر 1938

عظیم رہنما مولانا شوکت علی کی پیدائش 10 مارچ 1873 کو رام پور میں ہوئی۔ انھوں نے اپنی اعلی تعلیم علی گڑھ میں ایم اے او کالج سے حاصل کی اور جلد ہی سرکاری ملازمت سے منسلک ہو گئے۔ لیکن 1913 میں انھوں نے ملک کی آزادی کی خاطر ملازمت کو خیرباد کہہ دیا اور انجمن خدام کعبہ کی بنیاد رکھی۔ سیاسی سرگرمیوں میں پیش پیش رہنے کے سبب انھیں قید و بند کی صعوبتیں بھی جھیلنی پڑیں۔ 1919 میں اپنے چھوٹے بھائی مولانا محمد علی جوہر کے ساتھ تحریک خلافت کی بنیاد بھی ڈالی۔ ہندو-مسلم اتحاد کو مضبوط بنانے کے لیے مولانا شوکت علی نے گاندھی جی کے ہر قدم میں ان کا ساتھ دیا۔ مہاتما گاندھی اور انڈین نیشنل کانگریس کی تحریکوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کے سبب 1921 سے 1923 کے درمیان انھیں جیل رسید کر دیا گیا۔ 1928 میں نہرو رپورٹ اور کچھ دیگر اختلافات کے سبب انھوں نے مسلم لیگ کی پالیسیوں کی حمایت شروع کر دی اور محمد علی جناح کے ساتھ پاکستان کے قیام کی تحریک چلانے لگے۔ 1937 میں وہ مرکزی قانون ساز اسمبلی کے ممبر بھی منتخب کیے گئے۔ بہر حال، ملک کی آزادی کا یہ جانباز سپاہی 26 نومبر 1938 کو اس دار فانی سے کوچ کر گیا۔ ان کا انتقال دہلی کے قرول باغ میں ہوا اور تدفین 28 نومبر کو جامع مسجد کے قریب ہوئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 14 Aug 2017, 1:13 PM