برازیل اور نیمار کا خواب چکناچور کرنے والے ایرلنگ ہالند کو ’گول مشین‘ یونہی نہیں کہا جاتا

میدان میں ہالند کا جارحانہ انداز انہیں ایک مشین کی طرح بنا دیتا ہے، لیکن ذاتی زندگی میں وہ نہایت حساس انسان ہیں۔ چمپئنز لیگ جیتنے کے بعد ان کی آنکھوں میں آنے والے آنسو پوری دنیا نے دیکھے تھے۔

<div class="paragraphs"><p>ایرلنگ ہالند، تصویر ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/FIFAWorldCup">@FIFAWorldCup</a></p></div>
i

تاریخ تھی 30 مئی 2019۔ پولینڈ کے شہر لوبلن کا اسٹیڈیم تماشائیوں سے بھرا ہوا تھا۔ فیفا انڈر-20 عالمی کپ کے گروپ مرحلہ کے ایک ’کرو یا مرو‘ مقابلہ میں ناروے کا سامنا ہونڈوراس سے تھا۔ ناروے کو بڑی جیت درکار تھی۔ ایسے دباؤ کے ماحول میں تقریباً 18 سال کا ایک لمبا قد، مضبوط جسم والا اسٹرائیکر میدان میں اترا۔ کھیل کے صرف ساتویں منٹ میں ہی اس نے گول کر دیا۔ حریف ٹیم کے دفاعی کھلاڑی ہر بار اسے روکنے کے لیے نئی نئی حکمتِ عملیاں اپناتے، لیکن وہ اپنی برق رفتار دوڑ اور شاندار فنشنگ کی طاقت پر ہر کوشش ناکام بنا دیتا۔ پہلے ہاف میں ملنے والی چاروں پینالٹیوں کو گول میں تبدیل کرتے ہوئے اس نے ناروے کو 0-5 کی یکطرفہ برتری دلا دی۔

دوسرے ہاف کے آغاز کے ساتھ ہی مخالف ٹیم کی مشکلات مزید بڑھ گئیں۔ وہ یکے بعد دیگرے شاندار گول کرتا گیا۔ میچ ختم ہونے تک ناروے نے 0-12 سے تاریخی فتح حاصل کر لی تھی، جن میں سے اکیلے نو گول اسی کھلاڑی کے نام تھے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ فیفا انڈر-20 عالمی کپ کی تاریخ میں آج تک کوئی دوسرا کھلاڑی یہ کارنامہ نہیں دہرا سکا۔ آج یہی لڑکا بین الاقوامی سطح پر ناروے کی قومی ٹیم کی تاریخ کا سب سے زیادہ گول کرنے والا کھلاڑی بن چکا ہے۔ اس کا نام ہے ایرلنگ ہالند، جو اب ’گول مشین‘ کے نام سے مشہور ہے۔ دفاعی کھلاڑی ان کا نام سن کر ہی پریشان ہو جاتے ہیں، لیکن ایرلنگ ہالند کی کہانی کسی بڑے شہر یا مشہور فٹبال اکیڈمی سے شروع نہیں ہوئی تھی۔ ان کا بچپن ناروے کے ایک چھوٹے سے قصبے برائنے میں گزرا، جہاں فٹبال کا جنون موجود تھا۔


بچپن میں ہالند نہ اتنے لمبے تھے اور نہ ہی جسمانی طور پر اتنے مضبوط۔ ابتدا میں انہوں نے اپنی تکنیک، رفتار اور گیند پر قابو پانے کی صلاحیت کو نکھارا۔ نوعمری میں اچانک قد اور جسمانی طاقت میں اضافہ ہوا تو یہی کھلاڑی دنیا کے خطرناک ترین اسٹرائیکرز میں شمار ہونے لگا۔ 21 جون کو 26 برس کے ہونے والے ہالند کی پیدائش انگلینڈ کے شہر لیڈز میں ہوئی تھی۔ جب وہ 3 سال کے تھے تو ان کا خاندان ناروے کے شہر برائنے منتقل ہو گیا۔ ان کے والد الفی ہالند سابق پیشہ ور فٹبالر رہ چکے ہیں، جبکہ ان کی والدہ گریماریتا براوٹ سابق ایتھلیٹ ہیں اور ناروے کی ہیپٹاتھلون چمپئن رہ چکی ہیں۔ ان کے دادا بھی معروف رنر تھے۔ ہالند نے 5 سال کی عمر میں برائنے ایف کے کی اکیڈمی سے فٹبال کا آغاز کیا اور بعد میں اسی کلب سے اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کی شروعات کی۔ وہ اسابیل ہاؤگسنگ یوہانسن کے ساتھ رشتہ میں ہیں اور دسمبر 2024 میں دونوں ایک بیٹے کے والدین بنے۔

ایرلنگ کے والد الفی ہالند بھی ناروے کی قومی ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں اور 1994 کے عالمی کپ اسکواڈ کا حصہ تھے۔ بچپن سے ایرلنگ نے والد سے عالمی کپ کی کہانیاں سنیں۔ یہی وجہ تھی کہ جب انہیں پہلی بار عالمی کپ کھیلنے کا موقع ملا تو وہ صرف اپنے لیے نہیں بلکہ والد کے ادھورے خواب کو پورا کرنے کے جذبے کے ساتھ میدان میں اترے۔


بہرحال، فیفا عالمی کپ 2026 کے ’راؤنڈ آف 16‘ میں برازیل کے خلاف 2 گول کرنے کے بعد ایرلنگ ہالند کا ریکارڈ مزید شاندار ہو گیا ہے۔ انہوں نے اس ٹورنامنٹ میں اب تک صرف 4 میچوں میں 7 گول کیے ہیں اور گولڈن بوٹ کی دوڑ میں مشترکہ برتری حاصل کر لی ہے۔ اس کے علاوہ وہ مسلسل 14 مسابقتی بین الاقوامی مقابلوں میں گول کرنے کا کارنامہ انجام دے چکے ہیں، جن میں ان کے نام 27 گول درج ہیں۔ ناروے کے لیے اب تک 54 میچوں میں وہ 62 گول کر چکے ہیں۔ مزید ایک دلچسپ حقیقت یہ ہے کہ جب بھی ہالند گول کرتے ہیں، ناروے کی جیت تقریباً یقینی ہو جاتی ہے۔ ان کے گول والے میچوں میں ٹیم مسلسل 17 فتوحات حاصل کر چکی ہے اور اس دوران وہ خود 31 گول کر چکے ہیں۔

میدان میں ہالند کا جارحانہ انداز انہیں ایک مشین کی طرح بنا دیتا ہے، لیکن ذاتی زندگی میں وہ نہایت حساس انسان ہیں۔ چمپئنز لیگ جیتنے کے بعد ان کی آنکھوں میں آنے والے آنسو پوری دنیا نے دیکھے تھے۔ وہ دباؤ سے فرار اختیار کرنے کے بجائے مراقبہ (میڈیٹیشن) اور ذہنی یکسوئی کا سہارا لیتے ہیں۔ ان کا ایک قول آج بھی لاکھوں نوجوانوں کو متاثر کرتا ہے، اور وہ قول ہے ’’زندگی کے ہر لمحے سے لطف اٹھانے کی کوشش کرو، کیونکہ زندگی ہماری سوچ سے کہیں زیادہ مختصر ہے۔ یہ بہت تیزی سے گزر جاتی ہے۔‘‘ ان کے دن کا آغاز مراقبے سے ہوتا ہے اور وہ صبح اٹھتے ہی سورج کی روشنی آنکھوں میں لینا نہیں بھولتے۔ وہ موسیقی کے بھی دلدادہ ہیں۔ صرف 16 برس کی عمر میں انہوں نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں ایرک بوتھائم اور ایرک ٹوبیاس سینڈبرگ کے ساتھ مل کر ’فلو کنگز‘ کے نام سے ایک میوزک گروپ بنایا اور ’کیوگو جو‘ کے نام سے ایک ریپ گانا بھی تیار کیا، جسے اب تک کروڑوں لوگ دیکھ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ ہالند ویڈیو گیم ’مائن کرافٹ‘ کھیلنے کے بھی شوقین ہیں۔ بہتر نیند کے لیے وہ سونے سے پہلے اینٹی بلو لائٹ چشمہ پہنتے ہیں اور سوتے وقت منھ پر ٹیپ لگا لیتے ہیں تاکہ ناک کے ذریعے سانس لے سکیں۔


ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق صرف 5 سال کی عمر میں ہالند نے اسٹینڈنگ لانگ جمپ میں 5 فٹ 4 انچ کی حیرت انگیز چھلانگ لگائی، جس کا عالمی ریکارڈ آج تک کوئی 5 سالہ بچہ نہیں توڑ سکا۔ بعد ازاں آسٹریا کے کلب ریڈ بل سالزبرگ کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے ایک ہی سیزن میں مسلسل 5 میچوں میں ہیٹ ٹرک کر کے 5 میچ بالز انعام میں حاصل کیں۔ وہ آج بھی ان بالز کو اپنے بستر کے پاس رکھ کر سوتے ہیں۔ انگلش پریمیئر لیگ کے اپنے پہلے سیزن 23-2022 میں انہوں نے 36 گول کر کے ایک ہی سیزن میں سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ قائم کیا۔ اس کے بعد سے اب تک وہ 3 مرتبہ پریمیئر لیگ کا ’گولڈن بوٹ‘ جیت چکے ہیں۔

آئیوری کوسٹ کے خلاف فتح کے بعد ہالند اسٹیٹسن ہیٹ، کاؤ بوائے بوٹس اور خصوصی پیغام والی ٹی شرٹ پہن کر امریکہ کی ایک مارکیٹ میں گئے تھے۔ ان کا ’ہاؤڈی‘ انداز اور ٹک ٹاک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا۔ وہ ہر میچ میں اپنی جرسی کے رنگ سے ہم آہنگ ہیڈ بینڈ بھی پہنتے ہیں۔ انہوں نے ایک معروف ہیئر ٹائی برانڈ کے ساتھ مل کر اپنا محدود ایڈیشن بھی متعارف کرایا۔ عام طور پر مانچسٹر سٹی کی جانب سے کھیلتے ہوئے ان کی جرسی پر صرف ’ہالند‘ لکھا ہوتا ہے، لیکن اس عالمی کپ میں انہوں نے اپنی جرسی پر ’براوٹ ہالند‘ لکھوایا، تاکہ اپنی والدہ کو خراج تحسین پیش کر سکیں۔


عالمی کپ 2026 میں ایرلنگ ہالند صرف گول ہی نہیں کر رہے بلکہ ناروے کی فٹبال کی تاریخ بھی بدل رہے ہیں۔ برازیل جیسی مضبوط ٹیم کو شکست دینے کے بعد اب ان کی نظریں عالمی کپ ٹرافی پر ہیں۔ برائنے جیسے چھوٹے سے قصبے سے نکلنے والا یہ لڑکا آج کروڑوں فٹبال شائقین کے لیے ایک تحریک بن چکا ہے۔ ہر گول کے ساتھ وہ صرف نئے ریکارڈ قائم نہیں کر رہے بلکہ یہ بھی ثابت کر رہے ہیں کہ چھوٹے شہروں میں دیکھے گئے خواب بھی ایک دن پوری دنیا کو فتح کر سکتے ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔