کولکاتہ: فرینڈلی مقابلہ میں برازیل نے ہندوستانی فٹ بال ٹیم کو 4-0 سے دی شکست
کولکاتہ کے سالٹ لیک اسٹیڈیم میں ہوئے اس مقابلہ کو 5 بار کی عالمی چمپئن برازیل نے 4-0 سے اپنے نام کر لیا۔ برازیل کی ٹیم نے اس مقابلہ میں اپنے اہم کھلاڑیوں کو میدان میں اتارا تھا۔

ہندوستانی ٹیم کولکاتہ میں ہفتہ (3 اکتوبر) کو کھیلے گئے بین الاقوامی فرینڈلی مقابلہ میں برازیل کے خلاف ہار گئی۔ کولکاتہ کے سالٹ لیک اسٹیڈیم میں ہوئے اس مقابلہ کو 5 بار کی عالمی چمپئن برازیل نے 4-0 سے اپنے نام کیا۔ میچ کے 28ویں منٹ میں برازیل کی جانب سے ایسٹیواؤ ولیان نے پہلا گول کیا۔ 42ویں منٹ میں پیڈرو نے ٹیم کی برتری کو 2-0 کر دیا۔ سیموئل لینو نے مزید 2 گول داغے۔
برازیل کی ٹیم نے اس مقابلہ میں اپنے اہم کھلاڑیوں کو میدان میں اتارا۔ 8ویں منٹ میں ونیسیئس جونیئر نے ہندوستان کے گول پر حملہ کیا، لیکن گول کیپر گرپریت سنگھ سندھو نے شاندار بچاؤ کیا۔ اس کے کچھ دیر بعد مارکینیوس کا ہیڈر بھی گول پوسٹ کے باہر چلا گیا۔ ہندوستان کو بھی کارنر سے ایک اچھا موقع ملا۔ لالینگماویا رالٹے نے گول کرنے کی کوشش کی، لیکن ان کا شاٹ معمولی فرق سے باہر نکل گیا۔ اس کے بعد برازیل نے میچ پر مکمل کنٹرول قائم کر لیا۔
28ویں منٹ میں ایسٹیواؤ نے میچ کا پہلا گول داغا۔ ماتھیوزینہو کے پاس پر انہوں نے باکس کے دائیں جانب سے شاندار بائیں پاؤں کا شاٹ لگا کر گیند کو جال میں پہنچا دیا۔ 42ویں منٹ میں برازیل نے اپنی برتری دوگنی کر لی۔ ایسٹیواؤ کے شاندار پاس پر پیڈرو نے گول کر کے اسکور 2-0 کر دیا۔ دوسرے ہاف میں ہندوستان نے زیادہ جارحانہ فٹ بال کھیلنے کی کوشش کی۔ ریان ولیمز اور منویر سنگھ نے کچھ اچھے مواقع پیدا کیے اور برازیل کے گول کیپر پیڈرو موریشکو کو چیلنج کیا، لیکن ہندوستانی کھلاڑی گول کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔
58ویں منٹ میں برازیل نے تیسرا گول کیا۔ پیڈرو کے پاس پر سیموئل لینو نے گیند کو گول میں پہنچا کر ہندوستان کی واپسی کی امیدوں کو بڑا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد بھی ہندوستان نے کوشش جاری رکھی، لیکن فنشنگ کی کمی صاف نظر آئی۔ انجری ٹائم میں برازیل نے چوتھا اور آخری گول بھی داغ دیا۔ کارنر کے بعد ماؤرو جونیئر کے پاس پر سیموئل لینو نے اپنا دوسرا گول کرتے ہوئے اسکور 4-0 کر دیا۔
قابل ذکر ہے کہ یہ مقابلہ اس لیے بھی تاریخی رہا کیونکہ برازیل کی سینئر مردوں کی قومی ٹیم پہلی بار ہندوستان میں کھیلنے اتری تھی۔ فیفا کی مردوں کی عالمی رینکنگ میں 5ویں مقام پر موجود برازیل رینکنگ سسٹم شروع ہونے کے بعد ہندوستان کا سامنا کرنے والی سب سے زیادہ رینک والی ٹیم بھی بن گئی۔ ہندوستان اس وقت 138ویں مقام پر ہے۔ ہندوستانی ٹیم اس مقابلہ سے قبل دنیا کی 44ویں نمبر کی ٹیم پناما کے خلاف 1-1 سے ڈرا کھیل کر آئی تھی۔ ٹاپ 50 میں شامل کسی ٹیم کے خلاف یہ ہندوستان کا پہلا ایسا نتیجہ تھا، جس میں اسے شکست کا سامنا نہیں کرنا پڑا تھا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
