فیفا عالمی کپ 2026: ناروے نے برازیل کو 1-2 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے کیا باہر، افسردہ نیمار ہوئے ریٹائر
نیمار نے کہا کہ انہوں نے بہت کوشش کی لیکن اب سب کچھ ختم ہو چکا ہے۔ میں نے میٹ لائف اسٹیڈیم سے ہی اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اسی اسٹیڈیم میں اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا سفر مکمل کر رہا ہوں۔

برازیل کے اسٹار اسٹرائیکر نیمار نے انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے اپنے 16 سالہ بین الاقوامی کیریئر کے اختتام کا اعلان نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں کیا۔ اہم بات یہ ہے کہ اسی اسٹیڈیم میں انہوں نے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز 2010 میں کیا تھا۔ نیمار نے 2026 کے فیفا عالمی کپ سے برازیل کے باہر ہونے کے بعد افسردہ ہو کر بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ لیا۔ راؤنڈ آف 16 میں برازیل کو ناروے سے 1-2 سے شکست ہوئی۔ اس میچ میں برازیل کا واحد گول نیمار نے ہی کیا۔
راؤنڈ آف 16 میں ناروے کے ذریعہ برازیل کی شکست کے بعد نیمار نے کہا کہ انہوں نے بہت کوشش کی، لیکن اب سب کچھ ختم ہو چکا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں نے میٹ لائف اسٹیڈیم سے ہی اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اب اسی اسٹیڈیم پر اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا سفر مکمل کر رہا ہوں۔‘‘
نیمار کے ریٹائرمنٹ کے ساتھ ہی انھوں نے برازیل کو چمپئن بنانے کا جو خواہش کئی مواقع پر ظاہر کیا تھا، وہ خواہش بھی نامکمل رہ گئی۔ برازیل کو عالمی کپ جتانے کی امیدوں کے ساتھ نیمار نے فٹبال کی دنیا میں قدم رکھا تھا۔ لیکن 16 سالوں کے اپنے کیریئر کے دوران وہ اپنا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں کر سکے۔ نیمار نے 2014، 2018، 2022 اور 2026 کے فیفا عالمی کپ میں برازیل کی نمائندگی کی۔ ان 4 عالمی کپ میں انہوں نے 9 گول داغے۔ نیمار نے برازیل کے لیے 130 انٹرنیشنل مقابلے کھیلے جن میں انہوں نے مجموعی طور پر 80 گول داغے ہیں۔ وہ برازیل کے لیے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ برازیل کو 2013 کا فیفا کنفیڈریشن کپ جتانے میں اور 2016 اولمپک چمپئن بنانے میں نیمار کا اہم کردار رہا تھا۔
قبل ازیں ناروے نے برازیل کو شکست دے کر فیفا عالمی کپ 2026 کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ ناروے نے راؤنڈ آف 16 میں برازیل کو 1-2 سے شکست دی۔ ناروے نے میچ کے پہلے 2 گول کیے اور برازیل نے سنبھلنے کی کوشش کی، لیکن تب تک بہت دیر ہو چکی تھی۔ پہلے ہاف کے بغیر گول کے برابر رہنے کے بعد دوسرے ہاف میں ایرلنگ ہالینڈ نے برازیل کے خلاف پہلا گول داغا۔ ہالینڈ نے پہلا گول 79ویں منٹ میں کیا، اور پھر میچ کا دوسرا گول 90ویں منٹ میں ہالینڈ کے ہی بوٹ سے ہوا۔ ان 2 گولوں کی بدولت ناروے نے برازیل کو شکست دے دی۔ حالانکہ اضافی وقت میں نیمار نے ناروے کی 0-2 کی برتری کو 1-2 کی برتری میں بدل دیا، لیکن یہ برازیل کو فتح دلانے اور کوارٹر فائنل میں جگہ دلانے کے لیے کافی نہیں تھا۔ اس شکست کے نتیجے میں ٹورنامنٹ کی سب سے کامیاب ٹیم برازیل کا فیفا عالمی کپ 2026 کے راؤنڈ آف 16 میں ہی سفر ختم ہو گیا۔ 2002 میں آخری بار چمپئن بننے کے بعد برازیل نے 7 ناک آؤٹ مقابلے عالمی کپ میں کھیلے اور ہر بار اسے یوروپین ٹیم سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
