’دادا: دی سورو گانگولی اسٹوری‘ کا ٹیزر جاری، 14 مئی 2027 کو ریلیز ہوگی فلم

گانگولی کی بایو پک کا ذکر کافی وقت سے چل رہا ہے۔ پہلے یہ طے نہیں تھا کہ ان کا کردار کون نبھائے گا، لیکن بعد میں راج کمار راؤ کے نام پر اتفاق قائم ہوا۔

<div class="paragraphs"><p>دادا: دی سورو گانگولی اسٹوری، تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سورو گانگولی کی بایوپک ’دادا: دی سورو گنگولی اسٹوری‘ کا فرسٹ لک آج جاری کر دیا گیا۔ فلم کے پہلے پوسٹر میں راج کمار راؤ ہندوستان کے سابق مایہ ناز کرکٹر سورو گانگولی کے کیریئر کے سب سے یادگار لمحہ کو دوبارہ پیش کرتے نظر آ رہے ہیں۔ پوسٹر میں راج کمار راؤ کا انداز نوجوان سورو گنگولی کی یاد تازہ کر دیتا ہے۔ اس کے لیے اداکار کے ہیئر اسٹائل، چہرے کے تاثرات اور باڈی لینگویج پر خصوصی محنت کی گئی ہے۔ فلم کا پوسٹر جاری کرنے کے ساتھ ہی فلم سازوں نے اس کی ریلیز کی تاریخ کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ یہ فلم 14 مئی 2027 کو ریلیز ہوگی۔

گانگولی کی بایوپک گزشتہ کئی برسوں سے زیر بحث تھی۔ ابتدا میں یہ طے نہیں تھا کہ ان کا کردار کون ادا کرے گا، لیکن بعد میں راج کمار راؤ کے نام پر اتفاق ہو گیا۔ اس سال فلم کی شوٹنگ شروع ہوئی اور اب اس کا پہلا پوسٹر بھی سامنے آ گیا ہے۔ اس فلم کی ہدایت کاری وکرم آدتیہ موٹوانے کر رہے ہیں، جبکہ اس کے پروڈیوسر لو رنجن اور انکور گرگ ہیں۔ فلم کو ٹی-سیریز، ڈی بی ایل اور لو فلمز مشترکہ طور پر پروڈیوس کر رہے ہیں۔


فلم میں سورو گانگولی کے کرکٹ کیریئر کے اہم مراحل کو پیش کیا جائے گا۔ اس میں ان کے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بننے، زندگی کی جدوجہد اور ہندوستانی کرکٹ میں ان کی نمایاں خدمات کو پیش کیا جائے گا۔ اگر فرسٹ لک پوسٹر کی بات کریں تو یہ منظر 13 جولائی 2002 کا ہے، جب ہندوستان نے ’نیٹ ویسٹ ٹرافی‘ کا فائنل جیتا تھا۔ فتح کے بعد سورو گانگولی نے لارڈز کی بالکنی میں اپنی جرسی اتار کر لہرائی تھی۔ اس وقت ان کے اس جشن پر کافی ہنگامہ ہوا تھا، لیکن بعد میں یہی تصویر ہندوستانی ٹیم کے بدلے ہوئے جارحانہ انداز کی علامت بن گئی۔ گانگولی کی کپتانی میں ہندوستانی ٹیم کا اعتماد بڑھا اور بیرون ملک بھی ٹیم نے مسلسل بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔