سوشانت سنگھ راجپوت نے خودکشی کر لی، اپنے گھر میں پھانسی لگا کر دی جان

سوشانت کی لاش پھندے پر لٹکی ہوئی حالت میں برآمد ہوئی، جس کی اطلاع ان کے گھر کے ملازم نے پولیس کو دی۔ پولیس فی الحال موقع پر پہنچ کر معاملے کی تفتیش کر رہی ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت نے آج یہاں مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔ممبئی کے باندرا علاقے میں سوشانت کی لاش ان کے گھر سے برآمد ہوئی۔ انہوں نے مبینہ طور پر پھانسی لگا کر جان دی ہے۔ سوشانت سنگھ راجپوت کے اس قدم نے پوری فلم انڈسٹری کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سوشانت پھندے پر لٹکے ہوئے پائے گئے اور ان کے گھر کے ملازم نے اس کی اطلاع پولیس کو دی۔ پولیس فی الحال موقع پر پہنچ کر معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔

سوشانت سنگھ راجپوت نے ’کس دیش میں ہے میرا دل‘ نامی یومیہ پروگرام میں کام کرتے تھے، لیکن انہیں ایکتا کپور کے سیریل 'پوتر رشتہ' سے شناخت ملی۔ اس کے بعد سوشانت کو بھی فلمیں ملنی شروع ہوگئیں۔

'کائے پو چھے!' فلم میں سوشانت مرکزی کردار میں تھے اور ان کی اداکاری کو خوب سراہا گیا۔ اس کے بعد انہیں پرینیتی چوپڑا کے ساتھ '’شدھ دیسی رومانس' میں دیکھا گیا اور کافی پسند کیا گیا۔ سوشانت سنگھ راجپوت نے کرکٹر مہندر سنگھ دھونی کی بائیوپک میں بھی اداکاری کی تھی۔ اس کے بعد سے انہیں لگاتار آفر مل رہے تھے اور انہوں نے سون چڑیا، چھچھورے اور کیدارناتھ جیتی اہم فلموں میں اداکاری کی۔

سوشانت سنگھ راجپوت کی پیدائش بہار کے پٹنہ شہر میں 21 جنوری 1986 کو ہوئی تھی، تاہم ان کا تعلق بہار کے ہی پورنیہ شہر سے تھا۔ ان کی فلم چندا ماما دور کے حال ہی میں ریلیز ہونے والی تھی لیکن بجٹ کے بحران کی وجہ سے اس کی شوٹنگ روک دینی پڑی تھی۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل سوشانت سنگھ راجپوت کی سابق منیجر دشا سالیان نے ممبئی کے ملاڈ کے مالونی علاقہ کی ایک عمارت کی 14 ویں منزل سے کود کر خود کشی کر لی تھی۔ دشا سالیان نے جس فلیٹ سے کود کر خود کشی کی تھی وہ ان کے منگیتر روہن رائے کا تھا جو کہ ایکٹر اور ماڈل ہیں۔

    Published: 14 Jun 2020, 3:47 PM