ممبئی کے ویلے پارلے شمشان گھاٹ پر سوشانت سنگھ راجپوت کا انتم سنسکار

اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کا ممبئی کے ویلے پارلے میں واقع سیوا سماج شمشان گھاٹ پر انتم سنسکار کر دیا گیا۔ سوشانت سنگھ نے اتوار کو ممبئی کے اپنے فلیٹ میں خودکشی کر لی تھی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کا ممبئی کے ویلے پارلے میں واقع سیوا سماج شمشان گھاٹ پر انتم سنسکار کر دیا گیا۔ پیر کے روز ان کے آخری سفر میں ٹی وی اور فلم انڈسٹری کی کئی ہستیاں شامل ہوئیں، جن میں ریا چکرورتی، شردھا کپور، کریتی سینن اور ویویک اوبرائے جیسے اداکار شامل ہیں۔ تاہم لاک ڈاؤن کی وجہ سے آخری سفر میں کم ہی لوگوں کے اکٹھا ہونے کی اجازت دی گئی تھی۔ آخری رسومات میں شامل ہونے کے لئے سوشانت سنگھ راجپوت کا کنبہ پٹنہ سے ممبئی پہنچا تھا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سوشانت سنگھ راجپوت کے والد پیر کو تقریباً ایک بجے پٹنہ سے ممبئی پہنچے۔ والد کے ساتھ سوشانت کے چچازاد بھائی اور ان کی بیوی بھی آئیں۔ ان کے آخری دیدار کرنے کے لئے سب سے پہلے اداکارہ ریا چکرورتی پہنچی تھیں۔ ریا چکرورتی سوشانت کے بےحد قریبی دوستوں میں سے ایک ہیں۔ کریتی سینن نے ان کے ساتھ فلم رابطہ میں کام کیا تھا۔

بتایا جاتا ہے کہ اداکارہ شردھا کپور سوشانت کے آخری دیدار کرنے سے محروم رہیں کیونکہ کورونا کی وجہ سے صرف 20 لوگوں کو ہی اندار جانے کی اجازت دی گئی تھی اور فہرست میں شردھا کپور کا نام نہیں تھا۔

واضح رہے کہ سوشانت سنگھ باندرا میں واقعہ اپنی رہائش پر مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ ممبئی پولیس کی بعد میں اس کی تصدیق کی کہ 34 سالہ اداکار نے گھر میں پھانسی لگا کر خودکشی کی ہے۔ سوشانت کی پوسٹ مارٹم رپورٹ دیر رات گئے آ گئی اور اس میں ڈاکٹروں نے بھی خودکشی کرنے کی تصدیق کی ہے۔ رپورٹ میں موت کی وجہ دم گھٹنا قرار دی گئی ہے۔ پولیس معاملہ کی جانچ کر رہی ہے، تاہم ابھی تک کوئی سوسائڈ نوٹ برآمد نہیں ہوا ہے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق وہ گزشتہ 6 مہینے سے ذہنی دباؤ میں تھے۔


’مالی بحران، ذاتی مسائل کا سامنا کر رہے تھے سوشانت‘

صحافی اور فلمی پروموشنل فلن ریمیڈیوز نے دعوی کیا ہے کہ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت سنگین مالی پریشانی سے گذر رہے تھے جس کی وجہ سے وہ کچھ دنوں سے افسردہ تھے۔ ریمیڈیوز نے ٹوئٹر پر بتایا کہ 34 سالہ سوشانت سنگھ راجپوت سنگین مالی بحران اور کچھ ذاتی مسائل کا سامنا کر رہے تھے جس کی وجہ سے وہ کچھ دنوں سے افسردہ تھے۔

انہوں نے بتایا کہ ’’کچھ ذاتی مسائل بھی تھے لیکن ہم زیادہ نہیں جانتے۔ مجھے امید ہے کہ پولیس اچھی طرح سے جانچ کرے گی اور پتہ لگائے گی کہ کیا بلیک میل یا دھوکہ دہی جیسی کوئی چیز بھی اس معاملے سے جڑی تھی۔‘‘ رمیڈیوز نے دعوی کیا کہ ’’اس میں اور بھی بہت کچھ ہے۔ یہ صرف ایک خودکشی کا معاملہ نہیں ہے۔‘‘


سوشانت کی آخری فلم ’دل بے چارہ‘ او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز ہوگی!

بالی وڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی آخری فلم ’دل بے چارہ‘ اوور دی ٹاپ (او ٹی ٹی) پلیٹ فارم پر ریلیز کی جا سکتی ہے۔ سوشانت اپنی آنے والی فلم دل بے چارہ کے تعلق سے سرخیوں میں بنے ہوئے تھے۔ یہ فلم 8 مئی کو ریلیز ہونے والی تھی، لیکن لاک ڈاؤن کے سبب فلم کی ریلیز ڈیٹ آگے بڑھا دی گئی۔ کاسٹنگ ڈائریکٹر سے فلم ڈائریکٹر بنے مکیش چھابڑا کی فلم دل بے چارہ میں سوشانت کے علاوہ سیف علی خان اور سنجنا سانگھی کا اہم کردار ہے۔

سنجنا سانگھی نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پوسٹ لکھی ہے۔سنجنا نے انسٹا گرام پر لکھا، ’’ابھی تو اتنا کچھ باقی تھا سوشانت، آپ نے مجھے کچھ ہی وقت میں بہت کچھ سکھایا اور یادیں دیں۔ اس کے لئے میں ہمیشہ کے لئے احسان مند ہوں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


    Published: 15 Jun 2020, 6:40 PM