دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ کو آخر مل ہی گئی منظوری، دہلی پولیس نے کئی میٹنگوں کے بعد لیا فیصلہ

’بک مائی شو‘ لائیو کی ٹیم نے دہلی پولیس کے ساتھ میٹنگ کی اور ایک تفصیلی منصوبہ پیش کیا۔ کمپنی نے حکام کو یقین دلایا کہ سیکورٹی، ٹریفک اور بھیڑ کو سنبھالنے سے متعلق تمام ضابطوں پر عمل کیا جائے گا۔

<div class="paragraphs"><p>دلجیت دوسانجھ، تصویر ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/diljitdosanjh">@diljitdosanjh</a></p></div>
i

مشہور و معروف گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ کے مداحوں کے لیے اچھی خبر ہے۔ گلوکار کے دہلی میں ہونے والے کنسرٹ کو آخرکار منظوری مل گئی ہے۔ کچھ وقت پہلے دہلی پولیس نے سیکورٹی کے پیش نظر کنسرٹ کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا، لیکن اب خبر آ رہی ہے کہ دہلی پولیس نے غور و خوض کے بعد کنسرٹ کو اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق منتظمین کے ساتھ سیکورٹی سے متعلق مسائل پر کئی دور کی میٹنگیں ہوئیں۔ اس دوران منتظمین نے سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی منصوبہ پیش کیا، جس کے بعد کنسرٹ کی اجازت دے دی گئی۔ اس معاملہ میں ’بک مائی شو‘ نے بھی واضح کر دیا ہے کہ شو کی اجازت منسوخ نہیں کی گئی تھی، بلکہ تہواروں کے موسم کو دیکھتے ہوئے کچھ وقت کے لیے روکنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔ خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کے مطابق ’بک مائی شو‘ کی ٹیم نے بتایا کہ تہواروں کے موسم میں سیکورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے دہلی پولیس نے منتظمین سے سیکورٹی، ٹریفک اور بھیڑ کو سنبھالنے کے لیے کچھ اضافی انتظامات کرنے کو کہا تھا۔ اسی وجہ سے پروگرام کی اجازت کچھ وقت کے لیے روک دی گئی تھی۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق ’بک مائی شو‘ لائیو کی ٹیم نے دہلی پولیس کے ساتھ میٹنگ کی اور ضروری انتظامات کے حوالے سے ایک تفصیلی منصوبہ پیش کیا۔ کمپنی نے حکام کو یقین دلایا کہ سیکورٹی، ٹریفک اور بھیڑ کو سنبھالنے سے متعلق تمام ضابطوں پر عمل کیا جائے گا۔ اس کے بعد پروگرام کی اجازت پر دوبارہ غور کیا گیا اور منظوری دے دی گئی۔ کمپنی کے مطابق کنسرٹ طے شدہ پروگرام کے مطابق ہی ہوگا اور مداح 30 اکتوبر کو دہلی میں دلجیت کی پرفارمنس سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔ ٹکٹوں کی قیمت سے متعلق بات کریں تو ان کی ابتدائی قیمت 6,499 روپے رکھی گئی ہے، جب کہ کنسرٹ کا سب سے مہنگا ٹکٹ 15,999 روپے کا ہے۔

کب اور کہاں ہوں گے دلجیت کے کنسرٹ؟

  • 30 اکتوبر: دہلی

  • 15 نومبر: اندور، سی 21 اسٹیٹ

  • 21 نومبر: احمد آباد، نریندر مودی اسٹیڈیم

  • 27 نومبر: ممبئی، مہالکشمی ریس کورس

  • 29 نومبر: بنگلورو، نائس گراؤنڈ

  • 5 دسمبر: لکھنؤ، 19واں نیشنل جمبوری گراؤنڈ

  • تاریخ کا اعلان نہیں ہوا: چنڈی گڑھ، مقام کا اعلان ہونا باقی ہے

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔