تھم جائے گی دہلی کی رفتار! دلجیت دوسانجھ کے کنسٹرٹ کو پیش نظر رکھتے ہوئے 11 سڑکیں بند، 8 مقامات پر ڈائیورژن
دہلی ٹریفک پولیس کے مطابق ایمبولینس اور طبی ہنگامی خدمات سے وابستہ گاڑیوں کے لیے خصوصی راستہ کھلا رکھا جائے گا، تاکہ کسی بھی مریض کو پریشانی نہ ہو۔

پنجابی پاپ اسٹار دلجیت دوسانجھ کے میوزک کنسرٹ کے پیش نظر آج دہلی میں ٹریفک اور سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ یہ میوزک کنسرٹ لودھی روڈ واقع جواہر لعل نہرو (جے ایل این) اسٹیڈیم میں منعقد ہونے جا رہا ہے۔ کنسرٹ میں ہزاروں مداحوں کی آمد و رفت کے پیش نظر اسٹیڈیم کے آس پاس کی 11 سے زائد اہم سڑکوں پر دوپہر ایک بجے سے رات 12 بجے تک ٹریفک پابندیاں اور راستوں میں تبدیلی نافذ رہے گی۔
دہلی ٹریفک پولیس نے گاڑی چلانے والوں کو کئی اہم راستوں سے گریز کرنے اور اسٹیڈیم پہنچنے والے لوگوں کو ذاتی گاڑیوں کے بجائے دہلی میٹرو استعمال کرنے کا سخت مشورہ دیا ہے۔ کنسرٹ کے سبب جنوبی اور وسطی دہلی کو جوڑنے والی کئی اہم سڑکوں پر بھاری گاڑیوں اور عام ٹریفک کا دباؤ رہے گا۔ جو راستے زیادہ متاثر ہوں گے، ان میں بھیشم پتامہ روڈ، لودھی روڈ، لالہ لاجپت رائے مارگ، آرچ بشپ مارگ، چوتھی ایونیو روڈ، پانچویں ایونیو روڈ، سی جی او کمپلیکس اور جے ایل این اسٹیڈیم کے اندرونی راستے شامل ہیں۔ علاوہ ازیں بارہ پلہ فلائی اوور، آئی این اے سے جنگ پورہ میٹرو اسٹیشن تک کا راستہ، دیال سنگھ کالج روڈ اور لودھی کالونی کے اندرونی راستوں پر بھی ٹریفک انتظامات میں تبدیلی کی گئی ہے۔
8 اہم مقامات پر ٹریفک کا رخ بدلنے کی جانکاری دی گئی ہے، جن کی تفصیلات ذیل میں پیش کی جا رہی ہیں...
لودھی روڈ سے دیال سنگھ کالج روڈ: اس راستے پر براہ راست آمد و رفت بند رہے گی۔ گاڑیوں کو لودھی فلائی اوور کی طرف بھیجا جائے گا۔ تاہم لودھی فلائی اوور ریڈ لائٹ اور اوروبندو مارگ کے درمیان براہ راست راستہ کھلا رہے گا۔
لالہ لاجپت رائے مارگ: جے ایل این اسٹیڈیم کی طرف گاڑیوں کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہیں لودھی فلائی اوور کی طرف موڑ دیا جائے گا۔
سی پی روڈ (لالہ لاجپت رائے مارگ): اطلاع بھون کی طرف جانے والی گاڑیوں کو لودھی فلائی اوور کی طرف موڑا جائے گا۔
بھیشم پتامہ مارگ: جے ایل این اسٹیڈیم ریڈ لائٹ سے گیٹ نمبر ایک اور کوٹلہ مبارک پور کی طرف جانے والی گاڑیوں کی آمد و رفت روک دی جائے گی۔ انہیں مہر چند مارکیٹ اور لودھی کالونی کی طرف بھیجا جائے گا۔
کشک نالہ بس ڈپو ریڈ لائٹ: اسٹیڈیم کے گیٹ نمبر 3، 4، 5، 6 اور 7 کی طرف داخلہ بند رہے گا۔ گاڑیوں کو چوتھی ایونیو روڈ سے لودھی روڈ اور آئی این اے سے اوروبندو مارگ کی طرف موڑا جائے گا۔
لودھی کالونی روڈ: پانچویں ایونیو روڈ سے بھیشم پتامہ مارگ کی طرف جانے پر پابندی رہے گی۔ گاڑیاں لودھی روڈ اور چوتھی ایونیو روڈ سے زور باغ روڈ کی طرف جا سکیں گی۔
کوٹلہ مبارک پور ریڈ لائٹ (اضافی ڈائیورژن): ضرورت پڑنے پر گاڑیوں کو ورما مارگ سے لالہ لاجپت رائے مارگ اور یو ٹرن لے کر رنگ روڈ کی طرف بھیجا جائے گا۔
بھیشم پتامہ-لودھی روڈ ٹی پوائنٹ (اضافی ڈائیورژن): گاڑیوں کو آرچ بشپ مارگ، لودھی فلائی اوور اور مادرسا اوروبندو مارگ کی طرف موڑا جائے گا۔
اس درمیان ٹریفک پولیس نے واضح کیا ہے کہ اسٹیڈیم کے قریب پارکنگ کی سہولت انتہائی محدود ہوگی، اس لیے لوگوں کو عوامی ٹرانسپورٹ مثلاً بس اور میٹرو وغیرہ کا استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ دی گئی جانکاری کے مطابق میٹرو کے وائلٹ لائن کا استعمال کرنے والے جے ایل این اسٹیڈیم یا جنگ پورہ میٹرو اسٹیشن پر اتر کر گیٹ نمبر 13، 14 اور 17 تک پیدل پہنچ سکتے ہیں۔ یلو لائن کا استعمال کرنے والوں کو آئی این اے میٹرو اسٹیشن پر اتر کر کشک نالہ بس ڈپو ریڈ لائٹ تک کیب یا آٹو لینا ہوگا۔ یہاں سے گیٹ نمبر 3، 6 اور 8 قریب ہیں۔ پک اَپ اور ڈراپ کے لیے 3 مقامات مقرر کیے گئے ہیں، جو اس طرح ہیں:
آرچ بشپ مارگ: گیٹ نمبر 13، 14 اور 17 کے لیے۔
لال مسجد-پرگتی وہار: گیٹ نمبر 13، 14 اور 17 کے لیے۔
کشک نالہ بس ڈپو ریڈ لائٹ: گیٹ نمبر 3، 6 اور 8 کے لیے۔
دہلی ٹریفک پولیس کے مطابق ایمبولینس اور طبی ہنگامی خدمات سے وابستہ گاڑیوں کے لیے خصوصی راستہ کھلا رکھا جائے گا، تاکہ کسی بھی مریض کو پریشانی نہ ہو۔ پولیس نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سڑک کے کنارے گاڑیاں پارک نہ کریں، ٹریفک قوانین پر عمل کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع ہیلپ لائن نمبر 112 (ایمرجنسی) یا 1095 (ٹریفک ہیلپ لائن) پر دیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
