راجو شریواستو کے بعد ایک اور کامیڈین کی موت، سنیل پال نے ویڈیو شیئر کر کے دی اپنے دوست کے انتقال کی خبر

پراگ کنسارا کے انتقال پر سنیل پال نے بہت جذباتی انداز میں کہا کہ ’’ایک اور دل دہلا دینے والی خبر آئی ہے کامیڈی کی دنیا سے۔ ہمارے لافٹر چیلنج کے ساتھی پراگ کنسارا جی اب اس دنیا میں نہیں رہے۔‘‘

راجو شریواستو اور احسان قریشی کے ساتھ پراگ کنسارا (دائیں)
راجو شریواستو اور احسان قریشی کے ساتھ پراگ کنسارا (دائیں)
user

قومی آوازبیورو

ابھی مشہور کامیڈین راجو شریواستو کا انتقال ہوئے چند ہی دن گزرے ہیں، اور اب خبر سامنے آ رہی ہے کہ ایک اور کامیڈین نے اس دنیا کو الوداع کہہ دیا ہے۔ مشہور کامیڈین سنیل پال نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کر کے جانکاری دی ہے کہ ان کے دوست پراگ کنسارا اب اس دنیا میں نہیں رہے۔ قابل ذکر ہے کہ ’دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج‘ کے پہلے سیزن میں پراگ کنسارا بھی شامل تھے اور انھوں نے اپنی اسٹینڈ اَپ کامیڈی سے لوگوں کی بھرپور تفریح کی تھی۔

پراگ کنسارا کے انتقال پر شیئر کی گئی ویڈیو میں سنیل پال نے بہت جذباتی انداز میں اپنے دوست کا تذکرہ کیا ہے۔ وہ ویڈیو میں کہتے دکھائی دے رہے ہیں ’’دوستو، نمسکار۔ ایک اور دل دہلا دینے والی خبر آئی ہے کامیڈی کی دنیا سے۔ ہمارے لافٹر چیلنج کے ساتھی پراگ کنسارا جی اب اس دنیا میں نہیں رہے۔ وہ ہر بات کو الٹا سوچو کہہ کر ہمیں ہنسا دیا کرتے تھے۔ پراگ بھیا اب اس دنیا میں نہیں رہے۔‘‘


ویڈیو میں سنیل پال مزید کہتے ہیں کہ ’’پتہ نہیں کامیڈی کی دنیا کو کس کی نظر لگ گئی ہے۔ ابھی کچھ دن پہلے ہم نے راجو بھائی کو کھویا۔ ایک کے بعد ایک ہم کامیڈی پلر سے محروم ہوتے جا رہے ہیں۔‘‘ اس ویڈیو میں سنیل پال نے دیپیش بھان کو بھی یاد کیا۔

واضح رہے کہ پراگ گجرات کے وڈودرا کے رہنے والے تھے۔ وہ طویل مدت سے ٹی وی اور کامیڈی شوز سے دور تھے۔ پراگ ٹی وی کے سپرہٹ کامیڈی ریلٹی شو ’دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج‘ میں امیدوار کے طور پر نظر آئے تھے۔ اس پروگرام سے پراگ کو گھر گھر میں پہچان ملی تھی۔ پراگ ’کامیڈی کا کنگ کون‘ پروگرام میں بھی نظر آئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔