وائلنز کا ’لیونارڈو ڈاونچی،‘ کی نیلامی دس ملین یورو میں متوقع

موسیقی کی دنیا میں ’وائلنز کا لیونارڈو ڈاونچی‘ کہلانے والے تاریخی وائلن کی نیلامی مئی میں فرانس میں ہو گی۔ تقریباﹰ تین صدیاں قبل تیار کیے گئے اس وائلن کے دس ملین یورو تک میں نیلام کیے جانے کی توقع ہے

وائلنز کا ’لیونارڈو ڈاونچی،‘ نیلامی دس ملین یورو میں متوقع
وائلنز کا ’لیونارڈو ڈاونچی،‘ نیلامی دس ملین یورو میں متوقع
user

Dw

یہ وائلن آلات موسیقی تیار کرنے والے اٹلی کے ماسٹر آرٹسٹ جوزیپے گوآرنیری نے 1736ء میں بنایا تھا اور اسے آج تک دنیا کے تقریباﹰ سبھی سرکردہ کنسرٹ ہالز میں بجایا جا چکا ہے۔

اس وقت یہ وائلن فرانس کے انتہائی مشہور وائلن نواز ریگِس پاسکویئر کی ملکیت ہے، جن کا اپنا تعلق بھی موسیقاروں کے ایک معروف فرانسیسی خاندان سے ہے۔


ریگِس پاسکویئر کی نمائندگی کرنے والے ایک فرانسیسی نیلام گھر نے جمعہ 29 اپریل کے روز بتایا کہ یہ وائلن مئی میں نیلام کیا جائے گا اور اس کی نیلامی سے 10 ملین یورو (10.6 ملین ڈالر) تک کی آمدنی متوقع ہے۔

یہ وائلن تاریخی حوالے سے اتنی زیادہ منفرد اہمیت کا حامل ہے اور اس سے نکلنے والے سر اتنے مدھر ہوتے ہیں کہ ماہرین موسیقی اسے پیار سے 'وائلنز کا لیونارڈو ڈاونچی‘ کہتے ہیں۔


نازیوں کی طرف سے لوٹی گئی قیمتی ثقافتی املاک میں سے ایک

چند تاریخی دستاویزات کے مطابق جوزیپے گوآرنیری نے یہ وائلن ممکنہ طور پر تین صدی سے بھی زائد عرصہ قبل 1706ء میں بنایا تھا۔ یہ وائلن اس حوالے سے بھی خصوصی اہمیت کا حامل ہے کہ یہ ان بیش قیمت ثقافتی املاک میں سے ایک تھا، جنہیں نازی جرمنوں نے ہولوکاسٹ کے دور میں ان کے یہودی مالکان سے زبردستی چھین لیا تھا۔

نازی دور میں یہ وائلن ایک سرکردہ جرمن یہودی شہری کی ملکیت تھا مگر یہودیوں کے سیاسی، سماجی، مالیاتی اور ثقافتی تعاقب کے دوران دیگر بےشمار املاک کی طرح اسے بھی چھین کر ضبط کر لیا تھا۔


بعد ازاں نازیوں کی طرف سے چھینی گئی املاک سے متعلق ایک طویل مصالحتی عمل کے نتیجے میں جرمنی کی فرانس ہوفمان اور صوفی ہاگیمان فاؤنڈیشن نے اس وائلن کے لیے زر تلافی کے طور پر اس کے سابقہ یہودی مالک کے قانونی لواحقین کو دو لاکھ پچاسی ہزار یورو ادا کیے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔